مردان، کوہاٹ (نمائندہ جنگ، ایجنسیاں) مردان کے علاقہ گجرگڑھی میں قتل ہونیوالی عاصمہ کا کیس 17 ویں روز میں داخل ہوگیا، ملزمان کا اب تک پتہ نہ چل سکا، پولیس حکام فرانزک رپورٹ کے انتظارمیں ہیں، ڈی پی او ڈاکٹر میاں سعید احمد نے عاصمہ قتل کیس کے حوالے سے بتایا ہے ابھی تک فرانزک لیبارٹری کی رپورٹ موصول نہیں ہوئی، امید ہے اگلے تین سے چار دنوں میں رپورٹ مل جائیگی جسکے بعد تفتیش کو آگے بڑھایاجائیگا جبکہ سپریم کورٹ نے عاصمہ قتل کے حوالے سے از خود نوٹس کیس کی سماعت آج منگل کیلئے مقرر کردی گئی ہے۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس اعجاز الاحسن پرمشتمل تین رکنی بنچ کیس کی سماعت کریگا، سپریم کورٹ نے 27 جنوری کو سانحہ کاازخود نوٹس لیتے ہوئے آئی جی خیبرپختونخوا سے چوبیس گھنٹے میں رپورٹ طلب کرلی تھی جوگزشتہ روز کوسپریم کورٹ رجسٹری پشاورمیں جمع کرادی گئی ہے، عدالت نے آئی جی اور ایڈووکیٹ جنرل کے پی کے کو نوٹس جاری کردیئے ہیں۔ دوسری طرف کوہاٹ پولیس نے عاصمہ قتل کیس کی جدید سائنسی خطوط پر تفتیش شروع کردی ہے، ایس پی آپریشنز اور ایس پی انوسٹی گیشن کوہاٹ کی مشترکہ قیادت پر مشتمل خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل د یدی گئی ہے۔