لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ذاتی مفادات کے اسیر وں نے قومی مفادات کا ہمیشہ سودا کیا،کرپٹ نظام اور حکمرانوں کے ہاتھوں ہونے والے استحصال نے قوم کو مایوس کردیا ہے ،مٹھی بھر کرپٹ اشرافیہ نے سیاست کو یرغمال بنا رکھا ہے،اب لوگوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے۔موجودہ نظام نے لوگوں غربت کے اندھیروں میں دھکیل دیا ہے اور ان سے عزت کی زندگی چھین لی ہے ۔مٹھی بھر کرپٹ اشرافیہ نے سیاسی جماعتوں اور سیاست کو یرغمال بنا رکھا ہے ۔ سیاسی جماعتیں جب تک کرپٹ ٹولے سے لاتعلقی کا اعلان کرکے انہیں اپنی صفوں سے نہیں نکالتیں ،سیاست اور جمہوریت میں شفافیت نہیں آئے گی۔اپنے حلقہ انتخاب میں مختلف وفود سے ملاقاتوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ کرپٹ ٹولہ70سال سے ملک و قوم کا استحصال کررہا ہے ،ان لوگوں کا مقصد ہی جائز و ناجائز طریقے سے ذاتی اثاثوں میں اضافہ کرنا ہے ،وہ ملک و قوم کے مفادات کی حفاظت کیسے کرسکتے ہیں۔