اسلام آباد(صباح نیوز)احتساب عدالت میں آمدن سے زائد غیر قانونی اثاثے بنانے کے ریفرنس میں اسحاق ڈار کیخلاف مزید 3 گواہوں کے بیان قلمبند کرلیے گئے۔پیر کو اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اسحاق ڈار کیخلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے سے متعلق نیب مقدمے کی سماعت کی۔ عدالت میں استغاثہ کے 3 گواہ پیش ہوئے جن کے بیان قلمبند کر لئے گئے۔ گواہوں میں اقبال حسن، عمر دراز گوندل اور نیب کے افسر شکیل انجم ناگرا شامل ہیں۔شکیل انجم نے بتایا کہ جے آئی ٹی رپورٹ حاصل کرنے کے لیے سپریم کورٹ کو 10 اور 15 اگست کو دو خطوط لکھے۔ انہوں نے سپریم کورٹ کو لکھے گئے خطوط کی کاپیاں عدالت میں پیش کیں تو جج محمد بشیر نے پوچھا کہ کیا ان خطوط کی اصل کاپیاں آپ کے پاس موجود ہیں؟۔ گواہ شکیل انجم ناگرہ نے جواب دیا کہ جی نہیں اصل سپریم کورٹ میں ہیں، سپریم کورٹ نے والیم ایک سے نو تک تین کاپیاں جبکہ والیم دس کی چار کاپیاں دیں۔