راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹر سے)پنجاب کے دو دارے تاحال اس امر کا فیصلہ نہیں کرپائے کہ مری میں تعمیر ہونیوالا مدر اینڈ چائلڈ کیئر ہسپتال 128بستروں پر مشتمل ہوگا یا سو بستروں کا،جبکہ ہسپتال کیلئے ای پی اے این او سی بھی تاحال جاری نہیں ہوسکا ۔جس کیلئے انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے ہسپتال کی ملکیت کی دستاویزات طلب کرلی ہیں۔چیف آفیسر پلاننگ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ڈیپارٹمنٹ کے نام مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ہسپتال کی تعمیر کیلئے این او سی درکار ہے اس سلسلے میں زمین کی ملکیت کا دستاویزی ثبوت فراہم کیا جائے،جس پر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو مراسلہ بھجوایا ہے اور کہا ہےکہ مری میں مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ کیئر سو بستروں کے ہسپتال کیلئے ملکیتی ثبوت(فرد ملکیت) میونسپل کارپوریشن ریکارڈکے مطابق فراہم کیا جائے۔انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے درمیان ابھی تک یہ ہی فیصلہ نہیں ہوسکا مری میں مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ کیئر ہسپتال سو بستروں کا ہوگا یا128بستروں کا ہوگا۔سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے ڈپٹی کمشنر کے نام مراسلے میں سو بستروں کا لکھا ہوا ہے جبکہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے نام انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مراسلے میں128بستروں کا ہسپتال لکھا ہوا ہے۔