وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان نے 350ڈیمز بنانے کا دعویٰ کیا تھا ،وہ کس سیارے پر بن رہے ہیں؟
عمران خان کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتےہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان اور پرویز خٹک اپنی نا اہلی کی ذمہ داری وفاق پہ نہ ڈالیں ،وہ اس طرح عوامی احتساب سے نہیں بچ سکتے۔
ان کا مزید کہناتھاکہ پرویز خٹک صاحب مشترکہ مفادات کونسل میں کچھ کہتے ہیں اور عمران خان کے ساتھ بیٹھ کر کچھ اور بولتے ہیں،پوری قوم جان چکی ہے کہ پی ٹی آئی خیبرپختونخوا میں عوام کی خدمت کرنے میں بری طرح ناکام ہوئی ہے۔
وزیر مملکت نے یہ بھی کہا کہ عمران خان جتنا مرضی جھوٹ بولیں پاکستان کے عوام ان کی اصلیت جان چکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے 4سالوں میں کنٹینر کی تزئین و آرائش ، پتلی تماشہ ، جھوٹ بولنے ، اداروں کی تضحیک کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔
مریم اورنگزیب کا کہناتھاکہ جس وقت عمران صاحب کنٹینر تیار کر رہے تھے وفاقی اور پنجاب حکومت پاکستان کے لوگوں کیلئے توانائی اور بجلی کے منصوبے لگا رہی تھی، جو آج مکمل ہو رہے ہیں ۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ شہباز شریف سے حسد کرنے کی بجائے عمران صاحب محنت کی عادت اور عوام کی خدمت کا جذبہ پیدا کریں۔
وزیر مملکت نے مزید کہا کہ عمران خان کو پتہ ہونا چاہیے کہ بجلی ایم او یو سے نہیں ، بجلی کے کارخانے لگانے سے بنتی ہے،وہ بجلی بناتے نہیں بلکہ خیبر پختونخواہ میں جانے والی بجلی چوری کراتے ہیں، وہ کسی ایک منصوبے کا نام بتائیں ،جو انہوں نے 4 سال میں شروع کیا اور مکمل کیا ہو۔