اسلام آباد ( آن لائن ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کی پارلیمنٹ حملہ کیس سمیت 4 مقدمات میں عبوری ضمانت منظور کرلی گئی۔پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس سمیت 4 مقدمات میں نامزد ملزم پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش ہوئے۔ جج شاہ رخ ارجمند نے ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض شاہ محمود قریشی کی 8 فروری تک عبوری ضمانت منظور کرلی۔ شاہ محمود قریشی پی ٹی وی، پارلیمنٹ حملہ، ایس ایس پی تشدد کیس سمیت چار مقدمات میں نامزد ملزم ہیں۔ عدالت نے ملزم کو 9 فروری کو دوبارہ پیش ہونے کا حکم دیا۔ تحریک انصاف کے دیگر رہنما اسد عمر، شیریں مزاری ، شفقت محمود اور عارف علوی بھی 9 فروری کو عدالت میں پیش ہوں گے۔ پی ٹی آئی چیرمین عمران خان کی ان چاروں مقدمات میں ضمانت منظور ہو چکی ہے۔ 2014 میں دھرنے کے دوران تحریک انصاف کے رہنماؤں کے خلاف یہ مقدمات درج کیے گئے تھے۔ پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا مجھ پر دہشتگردی کا مقدمہ سیاسی بنیادوں پر درج ہوا۔