اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ایم کیو ایم پاکستان،جسٹس اینڈ ڈیمو کریٹک پارٹی،پاکستان مسلم لیگ جونیجواور پاکستان اسلامک ریپبلکن پارٹی سمیت 13 سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن بحال کردی۔ الیکشن کمیشن نے قانونی تقاضے پورے نہ کرنے پرسیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن منسوخ کی تھی جس کی سماعت جمعرات کو ہوئی، الیکشن کمیشن نے ایم کیو ایم پاکستان کی قانونی لوازمات کی تفصیلات منظور کرلی، اب ایم کیو ایم پاکستان سینٹ انتخابات میں اپنے پارٹی نشان پر حصہ لے سکے گی، الیکشن کمیشن نے جن دیگر سیاسی جماعتوں کی رکنیت بحال کی ان میں پاکستان جسٹس اینڈ ڈیمو کریٹک پارٹی، پیپلز مسلم لیگ، تحریک اہلسنت، پاکستان مسلم الائنس ، آل پاکستان تحریک، عام لوگ پارٹی، پاکستان مسلم لیگ کونسل، پاکستان راہ حق، پاکستان مسلم لیگ جونیجو، ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی اور پاکستان اسلامک ریپبلکن پارٹی کی رجسٹریشن بحال کرتے ہوئے مطلوب تفصیلات فوری جمع کروانے کی ہدایت کردی ہے۔