• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوم یکجہتی کشمیر پر شہدا کو خراج تحسین پیش کیا جائیگا، پرویز چوہدری

نیو کاسل (پ ر) کشمیر ویلفیئر سوسائٹی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر پرویز محمود چوہدری نے کہا ہے کہ برطانیہ بھر میں آزاد کشمیر، پاکستان، مقبوضہ کشمیر اور دنیا بھر میں جہاں جہاں کشمیری مقیم ہیں5فروری کو کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ہاتھوں کی زنجیر، احتجاجی مظاہرے، جلسے، جلوسوں، تقریبات و سیمینار اور کشمیر کانفرنسیں منعقد ہوں گی، جس میں مقبوضہ کشمیر کے شہدا کو خراج عقیدت اور خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔ 5فروری یوم یکجہتی کشمیر ایک قومی دن کی حیثیت اختیار کرچکا ہے۔ انہوں نے کہا5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر مفکر عالمی برادری اور اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو یہ باور کروایا جاتا ہے کہ کشمیری عوام حق خودارادیت چاہتے ہیں اور بھارت کے قاتل وزیراعظم مودی اور اس کی آٹھ لاکھ افواج کے گھنائونے اور وحشیانہ مظالم کو پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جاتا ہے۔ 1990ء میں یکجہتی کے جس پروگرام کا آغاز کیا گیا تھا وہ تحریک اس وقت تک جاری رہے گی جب تک مقبوضہ کشمیر سے بھارت کا جابرانہ تسلط ختم نہیں ہوجاتا۔انہوں نے کہا برہان مظفر وانی کی شہادت سے تحریک آزادی کشمیر کو نئی جان ملی، لیکن بھارتی ظلم و جبر کی آندھیاں بھی پہلے سے شدید ہوگئی ہیں۔ 15ہزار نوجوانوں کو آنکھوں کے نور سے محروم کردیا گیا، کالے قوانین، بچوں، خواتین، بوڑھوں پر وحشیانہ مظالم، جائیدادیں جلانے، لوٹنے، حریت کانفرنس کے رہنمائوں کو قید و بند کرنا اور ان پر مظالم سے چنگیز خان اور ہلاکو خان کی سفاکیت بھی شرما رہی ہے۔ ڈاکٹر پرویز چوہدری نے کہا تارکین وطن کشمیری5فروری یوم یکجہتی کے تاریخ ساز موقع پر عہد کرتے ہیں کہ ہم اپنے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ لازوال محبت اور رشتے کو برقرار رکھتے ہوئے جموں و کشمیر کے مظالم و محکوم کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لیے ہر قربانی دیں گے۔
تازہ ترین