اسلام آ باد (نمائندہ جنگ)پاکستان میں چین کے سفیر زاؤجنگ نے گزشتہ روز اسلام آباد میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق سے تفصیلی ملاقات کی ۔ اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم ،ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد اصغر اور ڈائریکٹر امور خارجہ جماعت اسلامی پاکستان عبدا لغفار عزیزبھی موجود تھے۔سینیٹر سراج الحق نے چینی سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک جیسے دور رس چینی منصوبے پورے عالمی منظرنامے کو مثبت رخ دے سکتے ہیں۔ چین عالمی برادری سے مل کر مسئلہ کشمیر حل کروائے، پاکستان اور چین کے عوام باہم اعتماد و تعاون سے سی پیک کے خلاف سازشوں کو ناکام بنادیں گے،پاکستان اور چین کے عوام باہم اعتماد و تعاون کے ذریعے اس منصوبے کے خلاف جاری سازشوں کو ناکام بنادیں گے۔انہوں نے کہا کہ اسلام کا خوبصورت اور مبنی بر انصاف پیغام مسخ کرنے کے لیے کئی عالمی قوتیں برسر پیکار ہیں۔بدقسمتی سے کئی مسلمان بھی ان کی سازشوں کا شکار ہوجاتے ہیں لیکن اسلام کے خلاف ان کی سازشیںاور بے بنیاد پراپیگنڈاناکامی سے دوچار ہوگا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ بھارت کشمیری عوام سے ان کا آزادی کامطالبہ چھین سکا نہ حق خودارادیت کے مطالبے سے انہیں روک سکا۔انہوں نے چینی سفیر سے اپیل کی کہ چین دیگر عالمی قوتوں اور بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر دو ایٹمی طاقتوں کے مابین اس حساس ترین مسئلے کو حل کروانے کی کوشش کرے۔چینی سفیر نے ملک اور خطے میں امن و استحکام اور حقیقی جمہوری روایات کو پروان چڑھانے کے لیے جماعت اسلامی کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ہم پاک چین تعلقات کو وسعت دینے اورمزید مضبوط بنانے کے لیے جماعت کی متوازن پالیسی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔