کراچی (اسٹاف رپورٹر)کوئٹہ ٹائون کے قریب کپڑے کے تاجر کو نامعلوم ملزمان نے گولیاں مار کر قتل کردیا، تفصیلات کے مطابق سہراب گوٹھ کے علاقے سپر ہائی وے کوئٹہ ٹائون کے قریب اتوار کی صبح نامعلوم ملزمان نے ایک شخص پر فائرنگ کردی اور موقع سے فرار ہو گئے، واقعہ کی اطلاع پر پولیس نے زخمی کو تشویشناک حالت میں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا جہاں پر اس نے دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا، اسپتال میں مقتول کی شناخت 30سالہ فیض محمد ولد زکریا کے نام سے کی گئی جو کہ منگھو پیر اسلامیہ کالونی کا رہائشی تھا اور کپڑے کا کاروبار کرتا تھا، پولیس کے مطابق مقتول کو نامعلوم ملزمان نے سر پر 2گولیاں مار کر قتل کیا ہے۔