ہالی ووڈ اور بالی ووڈ انڈسٹری میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے پاکستانی نژاد برطانوی اداکار علی خان نے انکشاف کیا کہ نیٹ فلکس سیریز دی کراؤن میں ہمایوں کے کردار کے لیے انہیں منتخب کیا گیا تھا۔
انہوں نے اداکارہ ماہرہ خان کو اسکرپٹ پڑھ کر منتخب کرنے اور بابر اعظم کو گفتگو و لہجے کو بہتر بنانے کا اہم مشورہ دے دیا۔
حال ہی میں علی خان نے جیو نیوز کے پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف امور پر دلچسپ گفتگو کی۔
پروگرام کے ایک سیگمنٹ کے دوران اداکار نے مختلف شخصیات کو دلچسپ و منفرد مشورے دیے۔
انہوں نے اداکارہ ماہرہ خان کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ماہرہ کو چاہیے کہ وہ اسکرپٹس کا تفصیل سے جائزہ لینے کے بعد پروجیکیٹ سائن کریں، مجھے لگتا ہے کہ وہ ایسے پروجیکٹس کا انتخاب کرتی ہیں جو ان کے لیے موزوں نہیں ہیں۔
ہمایوں سعید کو مشورہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمایوں اب بھی ہیرو اور میں والد کا کردار اس لیے کر رہا ہوں کیونکہ میں کسی پروڈکشن کمپنی کا مالک نہیں ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمایوں سعید کو چاہیے کہ میرے کردار لینا بند کریں۔ میں ایک شوٹنگ میں مصروف تھا تو انہوں نے دی کراؤن میں میرا کردار لے لیا، جو میں اس وقت نہیں کر سکا۔ تاہم میں ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں۔
باصلاحیت اداکار نے پاکستان کے نامور کرکٹر بابر اعظم کے بارے میں کہا کہ بابر کی بین الاقوامی سطح پر بہت بڑی فین فالوئنگ ہے، لوگ انہیں پسند کرتے ہیں۔ وہ عالمی سطح پر ملک کی بھرپور نمائندگی بھی کرتے ہیں۔ اس لیے انہیں اپنی گفتگو اور لہجے پر مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔
علی خان کے ان بیانات پر سوشل میڈیا پر مختلف ردِعمل سامنے آ رہے ہیں، جہاں شائقین ان کی صاف گوئی کو سراہتے نظر آتے ہیں۔