اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ سی پیک اربوں ڈالر کا منصوبہ ، معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی ثا بت ہوگا،تکمیل سے نہ صرف اندرون ملک نقل و حمل میں آسانی ہوگی بلکہ عالمی رابطوں میں بھی یہ منصوبہ اہم کردار ادا کریگا، پاکستان کا روڈ انفراسٹرکچر خطے میں نمایاں مقام حاصل کر رہا ہے،معیشت تیزی سے ترقی کر یگی،چین پاکستان اقتصادی راہداری( سی پیک) کی صورت میں پاکستان کو قدرت نے ایک بہت بڑے موقعے سے نوازا ہے جس کو سابق وزیر اعظم نوازشریف نے اپنے پہلے دورہ چین میں بات چیت کے ذریعے حتمی شکل دی۔سی پیک کا منصوبہ جولائی 2013ءمیں کاغذ کا ایک ٹکڑا تھا جو آج پورے ملک میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی صورت حقیقت بن چکا ہے۔2019 ءسے 2020ء تک کراچی سے پشاور موٹر وے کی تکمیل ممکن ہوجائے گی جو پاکستان کی معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی ثابت ہوگی۔اس منصوبے سے نہ صرف اندرون ملک نقل و حمل میں آسانی ہوگی بلکہ یہ پاکستان کو چین، افغانستان اور وسطی ایشیا سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ملتان سے سکھر موٹروے کا منصوبہ تقریباً 400 کلومیٹر پر محیط ہے جس پر 300 ارب روپے کے لگ بھگ لاگت آئے گی۔