• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر میں امراض قلب کے اسپتال کا افتتاح رواں ماہ ہوگا ، ڈاکٹر ندیم قمر

کراچی (بابر علی اعوان /اسٹاف رپورٹر) قومی ادارہ برائے امراض قلب کے تحت سندھ میں امراض قلب کا دوسرا بڑا اسپتال قائم کر دیا گیا ہے جس کا افتتاح رواں ماہ کیا جائے گا۔ سکھر میں قائم کیے گئے اسپتال میں 300بستروں کی گنجائش ہے جہاں ایکو ،انجیو گرافی ،ہارٹ بائی پاس سرجریز ،پرائمری پی سی آئی ،پیڈیاٹرکس ، الیکٹیو انجیو پلاسٹیز،ارلی انویسیو،ٹی پی ایم ،پی پی ایم ،ایکسرے ،ای ٹی ٹی، تھیلیم اور سی ٹی اینجیوسمیت دنیا بھر میں دی جانے والی جدید طبی سہولیات بالکل مفت فراہم کی جائیں گی ۔اس سے قبل قومی ادارہ برائے امراض قلب کے تحت سندھ کے 4اضلاع لاڑکانہ ، ٹنڈو محمد خان ، حیدرآباد اور سیہون میں سیٹلائٹ سینٹرز جبکہ کراچی کے 6مقامات آئی آئی چندریگر روڈ ،گلشن اقبال ، گل بائی ، ملیر ہالٹ ، قیوم آباداور ناگن چورنگی پر چیسٹ پین یونٹ قائم کیےجاچکے ہیں ہیں جن سے روزانہ ہزاروں مریض مستفیض ہورہے ہیں ۔ اس ضمن میں گفتگو کرتے ہوئےقومی ادارہ برائے امراض قلب کے ایگزیگیٹیو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ندیم قمر نے بتایا کہ سکھر کے اسپتال کاباقاعدہ افتتاح 14فروری کو چیئر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کریں گے جس کے بعد نواب شاہ ، خیر پور اور مٹھی میں بھی سیٹلائٹ سینٹر زقائم کیے جائیں گے جبکہ رواں سال ہی کراچی میں مذید 20چیسٹ پین یونٹس کے ساتھ 4سیٹلائٹ سینٹر بھی قائم کیے جائیں گے جس سے سندھ کے تمام اضلاع کی عوام کی امراض قلب کی سہولیات تک رسائی آسانی سے ممکن ہو جائے گی ۔ ان کا کہنا تھا کہ ان منصوبوں کی تکمیل کے بعد سندھ کا کوئی باشندہ کم از کم امراض قلب کی سہولیات نہ ملنے سے ہلاک نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ تمام پروجیکٹس میں سندھ حکومت کا مکمل تعاون ہے جس پر ہم مشکور ہیں۔
تازہ ترین