• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف کی زیرصدارت پنجاب کابینہ کااجلاس، چولستان میں بے زمین افراد کو سرکاری اراضی دینے، قصور،شیخو پورہ،ننکانہ میں سیف سٹی کی منظوری

لاہور( نمائندہ جنگ ) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی زیر صدارت گزشتہ روز صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا ، جس میں متعد د منصوبوں کی منظوری دی گئی،پنجاب کابینہ نے قصور ، شیخوپورہ اورننکانہ میں سیف سٹی پراجیکٹس کے قیام ، وزیر اعلیٰ چولستان پیکیج کے تحت بے زمین افراد کو سرکاری اراضی کی قابل توسیع الاٹمنٹ ، پنجاب ویمن ڈویلپمنٹ پالیسی 2017ء اورپنجاب اینیمل ہیلتھ ایکٹ 2017ء ، سیمنٹ کارخانوں کیلئے نیگیٹو اور پازٹیو ایریاز ڈیکلیئر کرنے ،معدنیاتی پالیسی 2018ء یونیورسٹی آف سیالکوٹ اور یونیورسٹی آف نارووال کے قیام سمیت پنجاب ڈرگز رولز2007 ء میں ترامیم کرنے کی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ شہباز شریف اور پنجاب کابینہ کی جانب سے مردان میں اسماء کے ساتھ پیش آنے والے اندوہناک واقعہ میں ڈی این اے ٹیسٹ میچ کرنے پر ڈی جی پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کی ستائش کی - اجلاس میں کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کی کاوشوں اور انتھک محنت کو بھی سراہا گیا-وزیر اعلیٰ کمسن اسماء کا ذکر کرتے ہوئے افسردہ ہو گئے،صوبائی کابینہ سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب فرانز ک سائنس ایجنسی نے جس طرح قوم کی بیٹی زینب اور اسماء کے کیسوں کا سراغ لگایا ہے وہ اللہ تعالی کا بے پایاں فضل و کرم اور پوری ٹیم کی محنت کے باعث ہوا ہے جس پرمیں دونوں کیسوں میں اہم پیشرفت پر پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی اور کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کو مبارکباد دیتا ہوں-انہوںنے کہا کہ معصو م بچیوں کے ساتھ ظلم اور زیادتی کی گئی جس پر پوری قوم غمزدہ ہے -انہوںنے کہا کہ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی نے سائنسی بنیادوں پر تحقیقات کو آگے بڑھایاجس پر کامیابی ملی - انہوںنے کہا کہ پنجاب حکومت قصور میں سیف سٹی پراجیکٹ فوری طور پر شروع کرے گی، اورسیف سٹی پراجیکٹ کا دائرہ کار شیخوپورہ اور ننکانہ صاحب تک بڑھایا جائے گا-وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وقت کسی کا انتظار نہیں کرتا ہم سب کو ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کرنی چاہئیں، انہوںنے کہا کہ چولستان میں پہلے مرحلے میں اہل بے زمین افراد کو کھیتی باڑی کیلئے سرکاری اراضی دی جائے گی اوریہ اراضی قابل توسیع ہو گی ، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنجاب ویمن ڈویلپمنٹ پالیسی 2017ء کا اعلان عالمی یوم نسواں پر کیا جائے گا-انہوںنے کہا کہ لائیوسٹاک کے شعبہ میں پنجاب حکومت نے بے پناہ محنت سے کام کیا ہے اورلا ئیوسٹاک میں انقلابی پروگرام کے ذریعے تبدیلیاں لائی گئی ہیں -
تازہ ترین