• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قصور،شیخوپورہ،ننکانہ میں سیف سٹی کی منظوری، چولستان میں بے زمین افراد کو سر کاری اراضی دینگے، شہباز شریف

لاہور( جنرل رپورٹر ) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی زیر صدارت گزشتہ روز صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا ، جس میں متعد د منصوبوں کی منظوری دی گئی،پنجاب کابینہ نے قصور ، شیخوپورہ اورننکانہ میں سیف سٹی پراجیکٹس کے قیام ، وزیر اعلیٰ چولستان پیکیج کے تحت بے زمین افراد کو سرکاری اراضی کی قابل توسیع الاٹمنٹ ، پنجاب ویمن ڈویلپمنٹ پالیسی 2017ء اورپنجاب اینیمل ہیلتھ ایکٹ 2017ء ، سیمنٹ کارخانوں کیلئے نیگیٹو اور پازیٹو ایریاز ڈیکلیئر کرنے ،معدنیاتی پالیسی 2018ء یونیورسٹی آف سیالکوٹ اور یونیورسٹی آف نارووال کے قیام سمیت پنجاب ڈرگز رولز2007 ء میں ترامیم کرنے کی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ شہباز شریف اور پنجاب کابینہ کی جانب سے مردان میں اسماء کے ساتھ پیش آنے والے اندوہناک واقعہ میں ڈی این اے ٹیسٹ میچ کرنے پر ڈی جی پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کی ستائش کی -اجلاس میں کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کی کاوشوں اور انتھک محنت کو بھی سراہا گیا-وزیر اعلیٰ کمسن اسماء کا ذکر کرتے ہوئے افسردہ ہو گئے،صوبائی کابینہ سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب فرانز ک سائنس ایجنسی نے جس طرح قوم کی بیٹی زینب اور اسماء کے کیسوں کا سراغ لگایا ہے وہ اللہ تعالی کا بے پایاں فضل و کرم اور پوری ٹیم کی محنت کے باعث ہوا ہے جس پرمیں دونوں کیسوں میں اہم پیشرفت پر پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی اور کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کو مبارکباد دیتا ہوں-انہوںنے کہا کہ معصو م بچیوں کے ساتھ ظلم اور زیادتی کی گئی جس پر پوری قوم غمزدہ ہے -انہوںنے کہا کہ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی نے سائنسی بنیادوں پر تحقیقات کو آگے بڑھایاجس پر کامیابی ملی - انہوںنے کہا کہ پنجاب حکومت قصور میں سیف سٹی پراجیکٹ فوری طور پر شروع کرے گی، اورسیف سٹی پراجیکٹ کا دائرہ کار شیخوپورہ اور ننکانہ صاحب تک بڑھایا جائے گا-وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وقت کسی کا انتظار نہیں کرتا ہم سب کو ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کرنی چاہئیں،انہوںنے کہا کہ چولستان میں پہلے مرحلے میں اہل بے زمین افراد کو کھیتی باڑی کیلئے سرکاری اراضی دی جائے گی اوریہ اراضی قابل توسیع ہو گی ، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنجاب ویمن ڈویلپمنٹ پالیسی 2017ء کا اعلان عالمی یوم نسواں پر کیا جائے گا-انہوںنے کہا کہ لائیوسٹاک کے شعبہ میں پنجاب حکومت نے بے پناہ محنت سے کام کیا ہے اورلائیوسٹاک میں انقلابی پروگرام کے ذریعے تبدیلیاں لائی گئی ہیں -انہوںنے کہا کہ پنجاب معدنی وسائل سے مالا مال ہے -سابق ڈکٹیٹر کے دو ر میں اس وقت کی پنجاب حکومت نے چنیوٹ کے معدنی وسائل پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کی جبکہ ہماری حکومت نے کئی سال کیس لڑا اور چنیوٹ کے معدنی ذخائر کو برباد ہونے سے بچایا، چنیوٹ میں معدنی ذخائر کے حوالے سے پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہو چکا ہے ،دوسرے مرحلے پر کام کا آغاز کر دیا گیا ہے -انہوںنے کہا کہ چنیوٹ کے معدنی ذخائر کے حوالے سے صوبائی وزیر قانون ، چیف سیکرٹری ، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات ، سیکرٹری امداد اللہ بوسال اور سیکرٹری معدنیات کی کاوشیں لائق تحسین ہیں -محکمہ معدنیات نے بہترین انداز میں کام کیا ہے اور شاندار مثال قائم کی ہے - اس طرح کی شاندار مثالیں حوصلہ بڑھاتی ہیں اور عزم کو تقویت دیتی ہیں - وزیر اعلیٰ نے فنانس سے متعلق ایشو پر وزیر خزانہ سے استفسار کیا تو وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے معاملے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی-وزیر اعلیٰ نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ کئی دہائیاں گزرنے کے باوجود سیمنٹ فیکٹریوں کے ایشو پر کسی نے توجہ نہیں دی- انہوں نے کہا کہ سیمنٹ فیکٹریوں کو زیر زمین پانی استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی بلکہ متبادل ذرائع کی ترغیب دی جائے گی -انہوںنے کہا کہ سیمنٹ پلانٹس سمیت کوئی صنعت نیگٹیو ایریا میں نہیں لگ سکے گی- ماضی میں سیمنٹ پلانٹس لگانے کی اجازت دے کر سالٹ مائنز کے علاقے کو تباہ کیا گیا- آئندہ نیگٹیو ایریاز میں کوئی سیمنٹ انڈسٹری نہیں لگ سکے گی- وزیر اعلیٰ نے پازٹیو ایریا میں انڈسٹری لگانے کی اجازت کیلئے متعلقہ محکموں اور ماہرین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں کمیٹی آئندہ دو ہفتے میں ٹی او آر تیار کر کے پیش کرے گی۔غیر قانو نی توسیع والے سیمنٹ پلانٹس کے خلاف قواعد و ضوابط کے مطابق کارروائی کی جائے۔ مطلوبہ معیار پر پورا نہ اترنے والے سیمنٹ پلانٹس کو معیار بہتر کرنا ہوگا،پنجاب کابینہ کے اجلاس میں لائیو سٹاک کے فروغ کے حوالے سے سیکرٹری لائیوسٹاک نسیم صادق کی کارکردگی کو سراہا گیا-صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی، چیف سیکرٹری اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی- 
تازہ ترین