لاہور(خصوصی نمائندہ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نےملتان کا دورہ کیا اورساڑھے 5ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے صحت کے منصوبوں کا افتتاح کردیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے صحت کے شعبے میں انقلاب برپا کیاہے ، الیکشن سے قبل ملتان میں نشتر ہسپتال 2 کا سنگ بنیاد بھی رکھ دیں گے ، اگلے 5سالوں میں پاکستان میں ترقی وخوشحالی کا انقلاب برپا کر دینگے،عمران جھوٹوں کا آئی جی اور زرداری قومی دولت لوٹنے والا لٹیرا ہے، انہیں کبھی ووٹ نہ دینا، پاکستان کے عوام با شعور ہیں اور2018ء کے انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ( ن) کو کا میاب کرائیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے ملتان پہنچنے پر پہلے گورنمنٹ شہباز شریف ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کا پھرچلڈرن ہسپتال اینڈ انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ کے نئے بلاک کا افتتاح کیا- منصوبے کے تحت چلڈرن ہسپتال میں 150 بستروں کا اضافہ ہوا ہے ۔انہوں نےنشتر ہسپتال میں سٹیٹ آف دی آرٹ برن یونٹ اورریجنل بلڈ سنٹرکے علاوہ جنوبی پنجاب کے سب سے بڑے ملتان انسٹی ٹیوٹ آف امراض گردہ ، ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری،میڈیسن کے ویئر ہائوس اور کولڈ چین سٹور کا بھی افتتاح کیا- وزیر اعلیٰ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے افتتاح کے بعد ہسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا ، وہ مختلف وارڈز میں گئے، مریضوں کی عیادت کی اورہسپتال میں مہیا کی جانے والی طبی سہولتوں کا جائزہ لیا-شہباز شریف نے صحت کے متعدد منصوبوں کے افتتاح کے بعد کڈنی سنٹر ملتان میں ایک اجتما ع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج میں نے ملتان میں ساڑھے 5ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے صحت کے منصوبوں کا افتتاح کیاہے اور میں ان منصوبوں کی تکمیل پر علاقہ کے عوام کو مبارکباد دیتا ہوں۔ معیاری علاج معالجے کی فراہمی کے لئے اربوں روپے کے وسائل دیئے گئے ہیں ،جنوبی پنجاب میں صحت عامہ کی سہولتوں کو بہتر سے بہتر بنایا جا رہا ہے اور ہم نے وسائل کو اپنے پائوں کی زنجیر نہیں بننے دیا۔ وسائل دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے نچھاور کئے ہیں، آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔