واشنگٹن (ایجنسیاں ) وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہاہے کہ پاکستان میں سکیورٹی صورتحال بہترہونے سے سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا، افغانستان میں امن کیلئے پاکستان امریکہ کیساتھ مل کرکام کرناچاہتاہے ،افغانستان میں عدم استحکام سے پاکستان کی معیشت اورسکیورٹی کوخدشات لاحق ہیں ۔ کشمیریوں کےحق خودارادیت کی حمایت جاری رہیگی،پاک امریکا تعلقات میں سرد مہری کا فائدہ دہشتگرد اٹھائینگے، دہشتگردی کو شکست دینے کیلئے پوری دنیا کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی ،اقتصادی ترقی کے ذریعے ہی امن و استحکام کو پائیدار بنایا جا سکتا ہے، امریکہ اور یورپی ممالک کی ذمہ داری ہے کہ امن کوششوں میں پاکستان کا ساتھ دیں،سمٹتی دنیا میں اشتراک کے سوا تمام راستے انتشار کے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکی سینیٹرلینڈسے گراہم سےگفتگو،کشمیر یکجہتی تقریب سے خطاب اور عالمی جیو پولیٹیکل خطرات کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئےکیا۔بدھ کو یہاں کیپٹل ہل میں وفاقی وزیر داخلہ کی امریکی سینیٹ کی آرمڈسروسز اپروپری ایشنز،جوڈیشری اوربجٹ کے رکن سینیٹر لینڈ سے گراہم سے ملاقات ہوئی جس میں پاکستانی سفیر اعزازچوہدری بھی موجود تھے۔