وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ اگلے وزیر اعظم کے لیے ن لیگ کے حتمی امیدوار کا فیصلہ انتخابات کے بعد کیا جائے گا۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزارت عظمیٰ کیلئے حتمی امیدوار کا فیصلہ پارٹی اس وقت کرتی ہے جب الیکشن ہوجاتا ہے اور اکثریت مل جاتی ہے۔
وزیر اعظم نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ انتخابات میں اکثریت حاصل کرلے گی ۔
وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ وہ کابینہ اور پارلیمانی اجلاس میں یہ کہہ چکے ہیں کہ فوج اور عدلیہ پر بیان بازی نہ کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ملکی فوج اور عدلیہ کے خلاف بیان کی نہ آئین و قانون میں کوئی گنجائش ہے اور نہ ہی اس کی ضرورت ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اگر طلال چوہدری اور دانیال عزیز کے الفاظ سے کسی کے جذبات مجروح ہوئے ہیں تو انہیں عدلیہ سے معافی مانگ لینی چاہیے۔