کراچی(جنگ نیوز)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے چیف جسٹس کی طرف سے باہر کے بنکوں میں پڑی پاکستانی اشرافیہ کی دولت کے بارے میں ازخود نوٹس کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک تاریخی فیصلہ ہے جس سے ملک سے چرائی گئی قومی دولت واپس آنے کی امید پیدا ہوگئی ہے،چیف جسٹس نے قومی اداروں کو 15دن کے اندر اس دولت کے بارے میں تفصیلات مہیا کرنے کا حکم دیا ہے جو خوش آئند ہے ۔حکومت کی طرف سے جاری کی گئی ایمنسٹی اسکیم نیا این آراو ہے جس کے ذریعے سیاہ دھن کو سفید کیا جائے گا۔قوم حکمرانوں کے ایسے اقدامات کو قبول نہیں کرے گی۔آئندہ انتخابات میں ایم ایم اے ایک متبادل سیاسی قوت کے طور پر سامنے آئے گی،جماعت اسلامی کا دیرینہ موقف ہے کہ بیرون ملک پڑی ہوئی چوری کی دولت کو ملک میں لایا اور لٹیروں کو احتساب کے کٹہرے میں کھڑا کرکے ان کا مکمل آڈٹ کیا جائے ۔مجوزہ اسکیم ان لوگوں کے ساتھ انتہائی ناانصافی ہے جو ایمانداری سے اپنا ٹیکس دیتے ہیں ۔حکومت ٹیکس کی وصولی کے نظام کو بہتر بنائے اور جو لوگ ٹیکس سے بچنے کیلئے اپنی دولت چھپاتے ہیں ان کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے۔ غریبوں سے ٹیکس لے کر امیروں پر خرچ کرنے کی پالیسی اب نہیں چلے گی اور ٹیکسوں سے اکٹھی ہونے والی رقم کسی لٹیرے کی جیب میں نہیں جانے دیں گے ۔