سکھر (بیورو رپورٹ) ضلع کے مختلف علاقوں میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 16ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے ساڑھے 8 کلو چرس، 10لیٹر کچی شراب اور 41 بوتلیں شراب کی برآمد کرلی گئی۔تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ کے مطابق ضلع بھر میں ڈاکوؤں، جرائم پیشہ عناصر، اشتہاری روپوش ملزمان سمیت جوا،منشیات کے اڈوں اور معاشرتی برائیوں کے خاتمے کے لئے پولیس کی جانب سے آپریشن جاری ہے۔ مختلف تھانوں کی پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے 9منشیات فروشوں اور 7جواریوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں چرس اور شراب برآمد کی ہے۔ تھانہ نیوپنڈ کی حدود درزی محلہ میں پولیس نے کارروائی کرکے 3منشیات فروشوں واجد، عطاء اللہ، غلام مصطفی کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 11شراب کی بوتلیں، 10لیٹر کچی شراب برآمد کی ہے۔ صالح پٹ تھانے کی پولیس نے کارروائی کے دوران 7جواریوں اور ایک منشیات فروش کو گرفتار کیا گیا ہے، ملزمان کے قبضے سے جوا میں استعمال ہونیوالا سامان اور مختلف اقسام کے گیمز سمیت 4000 گرام چرس و نقدی برآمد ہوئی ہے۔ ملزمان کی شناخت مور، نانک، علی مرداں، ریاض، وقار، عطاء اللہ، جاوید، راحت علی کے نام سے ہوئی ہے۔ کندھرا تھانے کی پولیس نے بھی ناکا بندی کے دوران ایک منشیات فروش علی حسن کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 1500گرام چرس برآمد کی ہے، ایئرپورٹ تھانے کی پولیس نے نیشنل ہائی وے پر پیٹرولنگ کے دوران منشیات فروش ندیم کو گرفتار کرکے 3000گرام چرس برآمد ہوئی ہے۔ وقت بیراج روڈ پر کارروائی کرکے 3ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے شراب کی 30بوتلیں برآمد کی گئی۔ گرفتار ملزمان موٹر سائیکل کے ذریعے شراب سپلائی کرتے ہیں، جن کے قبضے سے 12ہزار سے زائد کی نقدی بھی برآمد کی گئی ہے، گرفتار ملزمان میں پرکاش، سنتوش اور پردیپ کمار و دیگر شامل ہیں۔ ایس ایس پی سکھر کے مطابق کچی شراب کے استعمال سے ماضی میں سندھ کے مختلف علاقوں میں متعدد قیمتی انسانی جانیں ضایع ہوئی ہیں، اس طرح کے گھناؤنے دھندے میں ملوث ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں ان کے خلاف بروقت اور بھرپور کارروائی کو یقینی بنایا جائے، منشیات فروشی کسی تھانے کی حدود میں برداشت نہیں کی جائے گی، منشیات، جوا اور معاشرتی برائیوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے تمام افسران اور تھانہ انچارجز ہر ممکن اقدامات کریں، پولیس کی خفیہ ٹیمیں بھی اس حوالے سے سرگرم عمل ہیں۔دوسری جانب سی سیکشن تھانے کی پولیس نے دبہ روڈ پر گشت کے دوران قتل کے مقدمے میں مطلوب ایک مفرور ملزم نعمان کو گرفتار کیا ہے۔