ٹھٹھہ(نامہ نگار) گجو کے گاؤں علی محمد کاتیار میں تین سالہ معصوم بچی طاہرہ بنت گلشیر کاتیار پاؤں پھسلنے کے باعث سیم نالے میں گرنے کے نتیجے میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئی، بچی کی لاش مقامی لوگوں نے نکال کر ورثاء کے حوالے کردی۔ دریں اثنا بچی کی لاش پہنچنے پر گھر میں کہرام مچ گیا۔ دوسری جانب غلام اللہ کے قریب زرعی زمین پر کام کرنے والے ایک 70 سالہ معمر شخص محمد حسن ساہڑ کی پراسرار موت واقع ہوئی ہے، متوفی کے ورثاء عبداللہ ساہڑ و دیگر نے غلام اللہ تھانہ پر مقدمہ درج کراتے ہوئے بیان دیا ہے کہ متوفی محمد حسن زمین پر کام کر رہا تھا کہ رضوان اور عرفان ناہیو سمیت 4 ملزمان نے حملہ کرکے اسے زخمی کردیا، بعد ازاں وہ زخمی کو علاج کے لیے اسپتال لے جا رہے تھے کہ اس نے راستے میں دم توڑ دیا، پولیس کے مطابق مقدمے میں نامزد ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔