سکھر (بیورو رپورٹ) آل سکھر اسما ل ٹر یڈرز اینڈ کا ٹیج انڈ سٹریز کے صدر حاجی عبدالمتین بندھانی نے میئرسکھراور بلدیہ انتظامیہ کے دعوؤں کے برعکس شہر کے گنجان آبادی والے علاقوں میں کتوں کی بہتات اور سگ گزیدگی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میونسپل کارپوریشن کے شعبہ صحت کے افسران کی غفلت و لاپروائی کے سبب کتا مار مہم ناکام ہوچکی ہے، مخصوص علاقوں میں چند کتوں کو مار کر سکھر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکی گئی ہے جبکہ ڈپٹی کمشنر آفس کے نزدیک خطرناک کتے غول کی صورت میں گشت کررہے ہیں جس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ وہ اپنے دفتر میں شہریوں اور تاجروں کے وفود سے بات چیت کررہے تھے۔ حاجی عبدالمتین بندھانی نے کہا کہ میئر سکھر نے شہریوں کی بڑھتی ہوئی شکایات پر کتا مار مہم شروع کرنے کے احکامات دیئے تھے اور خطیر رقم سے زہر بھی منگوایا گیا تھا مگر شعبہ صحت کے افسران نے صرف مخصوص علاقوں میں دکھاوے کے لئے رسمی کارروائیاں کرکے میئر سکھر کو سب اچھا ہے کی رپورٹ پیش کی جبکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔ڈپٹی کمشنر آفس گیٹ کے نزدیک ہی کتے غول کی صورت میں گھومتے نظرآتے ہیں جس کے باعث علاقہ مکینوں میں خوف وہراس اور سگ گزیدگی کے واقعات آئے روز پیش آرہے ہیں۔جبکہ گولیمار ، شکارپور روڈ، مینارہ روڈ، بہار کالونی، سوسائٹی، شالیمار، پرانا سکھر، نیو پنڈ، نمائش چوک سمیت دیگر علاقوں میں کتا مار مہم شروع ہی نہیں کی گئی۔ کتوں کی بڑھتی ہوئی بہتات کی وجہ سے سگ گزیدگی کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے میئر سکھر سے اپیل کی کہ وہ بیرون شہر دوروں کے علاوہ سکھر کو بھی اپنا شہر سمجھ کر توجہ دیں اور جن علاقوں میں کتا مار مہم شروع نہیں کی گئی وہاں شعبہ صحت و صفائی کے افسران کوکتا مارمہم شروع کرنے کا حکم دیاجائے اور غفلت برتنے والے شعبہ صحت کے افسران و اہلکاروں کیخلاف فوری تحقیقات کی جائے اور ذمہ داران کیخلاف کارروائی عمل میں لاکر کتا مار مہم شہر بھر میں شروع کرائی جائے۔