سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارنے پارٹی سربراہ سے مطالبہ کیا ہے کہ بتایا جائےکہ نااہلی کے بعد نواز شریف کو جی ٹی روڈ کے بجائے موٹر وے سے جانے کا مشورہ کس نے دیا ؟
میاں نوازشریف اور طلال چوہدری کی پنجاب ہائوس کی گفتگو پر چوہدری نثار کے ترجمان نے وضاحتی بیان دیا ہے ۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ موٹروے سے جانے کا مشورہ نوازشریف کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں پارٹی کے سینئر رہنمائوں نے دیا تھا،جسے بعد میں صحافیوں سے ملاقات کے بعد تبدیل کیا گیا ۔
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ میاں نوازشریف جہاز کے ذریعے واپسی کا مشورہ دینے والے کی خود نشاندہی کردیں۔
ان کا کہناتھاکہ اجلاس میں نوازشریف ، شاہدخاقان عباسی سمیت پارٹی کے 10،11 سینئر ارکان موجود تھے ،میٹنگ کے دوران کسی نے بھی نوازشریف کو جہاز سے جانے کا مشورہ نہیں دیا تھا ۔
چوہدری نثار نے مزید کہا کہ ایک دو ارکان کو چھوڑ کر سب کا فیصلہ تھا کہ نوازشریف موٹروے سے جائیں،فیصلے میں تبدیلی کسی سیاستدان کے مشورہ سے نہیں ہوئی ۔
سابق وزیرداخلہ نے کہا کہ بہتر ہے کہ غیرضروری ڈرامائی عنصرزائل کرنےکیلئےاُس شخص کی نشاندہی کی جائے، سیدھےسادھےعمل کوغلط رنگ دینا بدقسمتی ہے، میاں نواز شریف خود جہاز کا مشورہ دینے والے کی نشاندہی کردیں ۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ نوازشریف نے مجھے شہبازشریف سے رابطے کرکے قائل کرنے کا کہا،شہبازشریف سے ملاقات کی اور واپس آکر انہیں بتادیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب فیصلے سے متفق ہیں۔