وفاقی وزیرد اخلہ احسن اقبال دو روزہ دورے پر ناروے پہنچ گئے۔
ناروے میں پاکستان کی سفیر رفعت مسعود نے دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے اس دورے کو اہم قرار دیاہے۔
وزیرداخلہ سے مسلم لیگ ن ناروے کے عہدیداروں کے وفد نے بھی ملاقات کی جن میں چیف آرگنائزر خالد نذیربٹ، جنرل سیکرٹری عادل منصور و دیگر رہنما عامربٹ اور شاہد تنویر بٹ شامل تھے۔
اپنی ناروے آمد کے بعد وزیرداخلہ نے بتایاکہ وہ اپنے دو روزہ قیام کے دوران نارویجن حکام کے ساتھ بعض اہم دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کریں گے اور نارویجن پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات کریں گے۔
کمیونٹی کے رہنماؤں سے ملاقات کا اہتمام اوسلو میں سفارتخانہ پاکستان میں کیا گیا ہے جس میں وزیرداخلہ کمیونٹی کو پاکستان کے موجودہ حالات اور حکومت کی کارکردگی سے آگاہ کریں گے اور نارویجن پاکستانیوں کے مسائل سنیں گے۔
احسن اقبال گزشتہ ہفتے چارملکوں امریکا، میکسیکو، برطانیہ اور ناروے کے لیے پاکستان سے بیرون ملک روانہ ہوئے تھے۔
ان کے اس چارملکی دورے کا مقصد ان ممالک کے حکام کے ساتھ دوطرفہ اہم امور پر تبادلہ خیال کرنا اور پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابیوں سے آگاہ کرنا تھا۔