• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوازشریف بتائیں ،جہاز پر لاہور جانے کا مشورہ کس نے دیا، چوہدری نثار

اسلام آباد( نمائندہ خصوصی)سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کے ترجمان نے کہاہےمری اجلاس میں طے پایا تھا کہ ہر انٹرچینج پر نواز شریف کا استقبال کیا جائے گا، جہاں تک نواز شریف کو جہاز پر لاہور جانے کا مشورہ دینے کا تعلق ہے تو اس کا نواز شریف سے ہی پوچھا جائے۔سیدھے سادھے فیصلے کو ویڈیوکلپ کے ذریعے غلط رنگ دینا بدقسمتی ہے، جی ٹی روڈ سے جانیکا فیصلہ صحافیوں کے مشورے پر کیا، نوازشریف کا بذریعہ موٹروے لاہور جانے کا فیصلہ مسلم لیگ(ن) کی سینئر قیادت کی میٹنگ میں طے ہوا جس میں نواز شریف اورشاہد خاقان عباسی سمیت پارٹی کے 11/10 سینئر ترین ارکان موجود تھے، یہ میٹنگ مری میں ہوئی اور ایک دو ارکان کو چھوڑ کر باقی سب کا فیصلہ تھاکہ سکیورٹی وجوہات کو سامنے رکھتے ہوئے نواز شریف موٹروے کے ذریعے جائیں اور ان کا استقبال ہر انٹر چینج پر کیا جائے اور اختتامی استقبال لاہور میں داخلے کے بعد کیا جائے، یہ فیصلہ ریکارڈ پر ہے اور مری کی میٹنگ کے بعد اخبارات میں شائع بھی ہوچکا ہے۔ اس فیصلے میں تبدیلی کسی سیاستدان کے مشورے سے نہیں بلکہ اسی وقت ہوئی جب مجیب الرحمن شامی کی سربراہی میں میڈیا کے وفد نے نواز شریف سے پنجاب ہائوس میں ملاقات کی اور انہیں جی ٹی روڈ سے جانے کا مشورہ دیا ، اس پر نواز شریف نے چوہدری نثار کو کہاکہ وہ ٹیلیفون پر شہباز شریف سے رابطہ کریں اورسکیورٹی خدشات کے باوجود انہیں اس بات پر قائل کریں کہ پروگرام جی ٹی روڈ پرہی ہونا چاہیے۔ بھری محفل میں چوہدری نثار اٹھ کر گئے اور شہباز شریف کو اس فیصلے سے آگاہ کیا اور واپس آکر سب کے سامنے نواز شریف کو اس بات سے آگاہ کیا کہ شہباز شریف اس فیصلے سے متفق ہیں، ترجمان نے کہاکہ اس سیدھے سادے عمل کو میڈیا کلپ کے ذریعے غلط رنگ دینا بد قسمتی ہے، جہاں تک کسی کا نواز شریف کو جہاز پرجانے کا مشورہ دینے والے کا تعلق ہے اس کے بارے میں تونواز شریف ہی بتا سکتے ہیں مگر میٹنگ کے دوران کسی نے بھی یہ مشورہ نہیں دیا تھا ، بہتر ہے کہ اس شخص کی نشاندہی کردی جائے تاکہ اس سارے قصے میں غیر ضروری ڈرامائی عنصر زائل ہوجائے۔  
تازہ ترین