اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام اور فوج اپنی سرزمین کا دفاع کرنا جانتے ہیں، بھارت کشمیریوں کی تحریک آزادی کو کچلنے کیلئے ایل اوسی کی خلاف ورزی اور عام شہریوں کو نشانہ بناتا ہے، پاک فوج ایل اوسی پر بھارت کو موثرجواب دیتی ہے، بھارت خطے میں امن و استحکام کیلئے مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کیلئے مذاکرات کرے، افغانستان کے بارے میں پاکستان کا موقف واضح ہے کہ مسئلے کا حل جنگ میں نہیں مذاکرات سے ہی ممکن ہے، پاکستان اس میں کردار ادا کرتا رہے گا ، کابل حکومت اپنی ناکامیوں اور خامیوں کی ذمہ داری پاکستان پر نہیں ڈال سکتی، اداروں کے درمیان کوئی ٹکرائو نہیں ،آئین میں سب کے اختیارات موجود ہیں، الیکشن کمیشن کوسینٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ معاملے کو دیکھنا چاہئے، جو لوگ پیسے سے سینیٹر منتخب ہوئے ان کا بائیکاٹ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نگراں وزیراعظم کیلئے خورشید شاہ سے وقت آنے پر مشاورت کی جائے گی، پاکستان کوٹیرر فنانسنگ واچ لسٹ میں ڈالنے کے حوالےاجلاس 20فروری کو ہوگا۔