پشاور (نمائندہ جنگ )آئی ایس آئی اسلام آبادکے سابق سٹیشن چیف میجرعامر نے کہاہے پہلی افغان جنگ ہماری اپنی جنگ تھی مگر پرویز مشرف جس جنگ میں امریکی اتحادی بنے وہ ہماری نہیں امریکہ کی تھی ، اگر ہم پہلی جنگ کاجائزہ لیں تو روس کیخلاف لڑائی ہم نے شروع کی، ایک بھی امریکی فوجی ہماری سرزمین پراترا نہ ہی افغانستان گیا ، کسی امریکی جہازنے لڑائی میں حصہ لیا،ہم سے ڈومور کے مطالبات ہوئے نہ ہی پاکستان پردہشتگردی کاکوئی الزام لگا، اس جنگ کے نتیجہ میں ملک کاایٹمی پروگرام مکمل ہوا ،علیحدگی کی تحریکو ں کاخاتمہ، افغان سرزمین سے بھارتی عمل دخل ختم ہوا اورملک میں معاشی بہتر ی آئی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایریاسٹڈی سنٹر جامعہ پشاورمیں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، انہوں نے کہاپوری جنگ میں ہماری کوئی سول ملٹری جانی نقصان نہیں ہوا، روس بھارت گٹھ جوڑ کاخاتمہ کردیاگیا، عالمی فور م پر پاکستان کونیک نامی ملی مگر جب ہم موجودجنگ کاجائزہ لیتے ہیں جس میں مشرف نے ایک فون کال پر حصہ لینے کافیصلہ کیاتھاتو خوفناک حقائق سامنے آتے ہیں ، افغانستان میں امریکہ اور 40 اتحادی ممالک کی ڈیڑ ھ لاکھ سے زائدفوج موجود رہی، افغانستان پر 57ہزار سے زائد بمباریاں کی گئیں ۔