پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں بھائی کی خودکشی کا صدمہ دو بھائیوں کی جان لے گیا ۔تین بھائیوں کی ایک ساتھ موت پر اہل علاقہ بھی سو گوار ہوگئے۔
تھانہ صدرپولیس کےمطابق گوجرانوالہ کےعلاقےالیاس کالونی میں ویلڈنگ کا کام کرنے والے35سالہ زاہد علی نے نامعلوم وجہ پر خودکشی کی تو اس کے اپنے چھوٹے اور بڑے بھائی یہ صدمہ برداشت نہ کرسکے اور وہ بھی تھوڑی ہی دیر بعد دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ زاہد کی موت کی خبر سنتے ہی اس کے بڑے بھائی 40 سالہ عباس علی کی حالت خراب ہوگئی جس کے بعد اسے اسپتال منتقل کیا جارہا تھاکہ وہ راستے میں ہی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگیا۔
زاہد اور عباس کی میتیں گھر پہنچی تو چھوٹے بھائی 28 سالہ صدام علی بھی دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوگیا ، تینوں بھائیوں کی ایک ساتھ ہلاکت کے باعث گھر میں کہرام مچ گیا۔
خودکشی کرنے والا زاہد ویلڈنگ کا کام کرتا تھا اور ایک بچی کا باپ تھا، متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ خودکشی کی وجوہات کا انہیں علم نہیں ہے، تاہم پولیس واقعے کی تفتیش کررہی ہے