• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملتان اور بہالپور کے ریجنل بلڈ سنٹرزکا دائرہ کار مزیدبڑھایاجائیگا، خواجہ سلمان رفیق

لاہور( جنرل رپورٹر) صوبائی وزیر سپیشلائزڈہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ ملتان اور بہالپور کے ریجنل بلڈ سنٹرزکا دائرہ کار بڑھاتے ہوئے مزید ہسپتالوں کے بلڈ بنکس کو ان بلڈ سینٹرز کے ساتھ منسلک کیا جائے گا- انہوں نے کہا کہ لاہور ، فیصل آباد، راولپنڈی اور دیگر ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز پربھی جلد ریجنل بلڈ سینٹرز قائم کئے جائیں گے- انہوں نے ان خیالات کاا ظہارصوبائی وزیر پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر کے ہمراہ ملتان اور بہاولپور کے ریجنل بلڈسینٹر کے انتظامی امور اور کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی-اس موقع پر سیکرٹری پرائمری ہیلتھ علی جان خان، سپیشل سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر ڈاکٹر ساجد چوہان ، ڈاکٹر عبدالباری اور میاں احسن ،سیکرٹری پنجاب بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی ڈاکٹر محمداطہر، ڈائریکٹر ادارہ انتقال خون ڈاکٹرظفر اقبال کے علاوہ دونوں محکمہ صحت کے دیگرمتعلقہ افسران نے شرکت کی-اجلاس میں مریضوں کو شفاف اور صحت مند خون مہیا کرنے کے لئے ریجنل بلڈ سنٹر کی کارکردگی کا تفصیلی طور پر جائزہ لیا گیا اور ان سینٹرز کا دائرہ کار بڑھانے کے اقدامات زیر غور آئے-خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے دیگرعلاقوں کو بھی ان ریجنل بلڈ سنٹرکے ساتھ منسلک کیا جائے گا ۔
تازہ ترین