نوشہرہ( نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان میں موجودہ سیاسی نظام فیل ہوگیا ہے۔پاکستان کو اسلامی انقلاب کی ضرورت سابق وزیراعظم کہتے ہیں عدالتوں میں انصاف نہیں مل رہا چارمرتبہ حکومت میں رہے عدالتی نظام کیوں ٹھیک نہیں کیا ؟ ہسپتالوں کو ٹھیک نہیں کیاگیاتو ذمہ دار کون ہے؟ ملک میں غربت، بیروزگاری، بیماریاں و دیگر مسائل بڑھ رہے ہیں یہ لوگ کہتے ہیں کہ ہمیں پھر ایک بار حکومت کر نے دو یہ مزید حکمرانی کرکے عوام کا باقی بچا خون بھی چوسنا چاہ رہے ہیں سینیٹ کے الیکشن میں سرعام ہارس ٹریڈنگ ہورہی ہے ۔ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے واپڈا کالونی تارو جبہ نو شہرہ میں جے یو ائی کے اختر جاوید خٹک، حبیب اللہ مشوانی کے خاندان اور درجنوں ساتھیوں کی جماعت اسلامی میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ جلسے سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان ، ضلعی امیر انوار الاسلام ، جوا د بن سینا اور میاں صہیب الدین کا کاخیل نے بھی خطاب کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ عوام ان حکمرانوں کے گریبانوں میں ہاتھ ڈال کر ان کو اقتدار کے ایوانوں سے باہر نکالیں ان حکمرانوں نے قوم کو صحت ، تعلیم ، ترقی اور قومی عزت سے محروم کیا ، ہماری آزادی گروی رکھی،ہمارے بچوں اور بچیوں کی جان اور عزت کی حفاظت کرنے کی بجائے اپنے مفادات اور ایجنٹوں کو تحفظ فراہم کیا انہوں نے کہا کہ ان حکمرانوں کے خلاف تحریک اٹھانے کا وقت آگیا ہے پاکستان کی یہ نام نہاد سیاسی جماعتیں دراصل پبلک لمیٹڈ کمپنیز ہیں لوگ یہاں منافع کمانے کیلئے ٹکٹ کیلئے سرمایہ کاری کرتے ہیں اورموروثی سیاست کی حفاظت کر تے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے حالت میں اس سرزمین کو اسلامی اور قرآنی انقلاب کی اشد ضرورت ہے۔اور خلافت کا نظام چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ اور اللہ اسلامی نظام کو تقویت بخشے۔ سینیٹ کے انتخابات ہونے والے ہیں۔ اور گائے اور بکریوں کی طرح ایم پی ایز کی خرید جاری ہے۔ سراج الحق نے کہا کہ اب اسلامی انقلاب کی ضرورت ہے۔ نوازشریف اور آصف علی زرداری کے پاس ملک اور عوام کی بہتری کاکوئی پروگرام نہیں ہے۔انھوں نے تو بار بار عوام پر حکومت کی۔ ہم اس ملک پر خاندانی بادشاہت اور آمریت قائم ہونے نہیں دیں گے۔ سراج الحق نے کہا کہ اسی مقصد کیلئے ہم دینی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر لارہے ہیں۔میں خیبرپختونخو ا کے عوام کو خوشخبری سنا تا ہوں کہ صوبے میں آنے والی حکومت اسلامی اور قرآنی حکومت ہوگی۔اس سرزمین پر اسلامی نظام قائم کرکے رکھیں گے۔جماعت اسلامی کے ساتھ نیک اور ایماندار قیادت موجود ہے۔ سراج الحق نے کہا کہ ہم اس ملک کو لوٹنے والوں سے پورا پورا حساب لیں گے۔خیبرپختونخوا کے پختونوں نے پہلے بھی استعماری نظام کے خلاف جہاد کیا اور آج بھی کریں گے۔ سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک دیانتدار اسلامی ، ترقی پسند اور جمہوری جماعت ہے۔ میرے ایک کارکن پر بھی کرپشن کا الزام نہیں ہے۔دیگر تمام پارٹی مورثی اور خاندانی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔ جماعت اسلامی اسلام اور شریعت کی پابند جماعت ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم اس ملک کو عظیم سے عظیم تر ،خوشحال اور اسلامی پاکستان بنائیں گے۔