اولڈہم( تنویر کھٹانہ) برطانیہ میں مقیم ایشیائی نوجوانوں میں تیزی سے تھائی باکسنگ کا کھیل مقبول ہو رہا ہے،تھائی باکسنگ نہ صرف صحت کیلئےمفید ہے بلکہ دفاعی صلاحیتوں کو بھی ابھارنے میں موثر کردار ادا کرتی ہے۔ان خیالات کا اظہار اولڈہم میں تھائی باکسنگ مقابلے آرگنائز کرنے والے تھائی باکسنگ انسٹرکٹر تنویر طارق نے جنگ سے گفتگو میں کیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسے مقابلے بچوں میں دفاعی صلاحیت کو بہتر کرنے اور بلی انگ جیسے واقعات کے سدباب کیلئے مددگار ہیں۔اولڈہم میں یہ ہمارا تیسرا ایونٹ ہے جسے کمیونٹی کی جانب سے بہت پذیرائی مل رہی ہے۔اولڈہم کےپاکستانی کمیونٹی سنٹر میں جونیئر اور سینئرز تھائی باکسنگ کے پچاس سے زائد انٹر کلب اور فائٹ شو کے مقابلے ہوئے جن میں برطانیہ بھر سے تھائی باکسنگ کلبز نے شرکت کی۔ٹورنامنٹ میں لائٹ ویٹ اور ہیوی ویٹ تھائی باکسنگ کیٹگریز کے ٹائٹل مقابلوں کا بھی انعقاد کیا گیا تھا۔سو سے زائد باکسرز نے اس ٹورنامنٹ میں راچڈیل، مانچسٹر، ہڈرزفیلڈ، لیڈز، سٹکاپورٹ بولٹن، اور برطانیہ کے دیگر علاقوں سے شرکت کی شریک ہونے والے تمام باکسرز کو منتظمین کی جانب سے اعزازی شیلڈز دی گئیں۔ اس موقع پر کمیونٹی میں باکسنگ کے فروغ اور کمیونٹی خدمات پر تنویر طارق کو مئیر آف اولڈہم شاداب قمر کی جانب سے شیلڈ بھی دی گئی۔ مئیر آف اولڈہم نے کمیونٹیز کے مابین رابطوں کو ایسے مقابلوں کے ذریعہ مضبوط بنانے کی اس کاوش کو بے حد سراہا۔