راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹر سے)نئے بلدیاتی نظام کے تحت میونسپل کارپوریشن مری اور میونسپل کمیٹی کوٹلی ستیاں کی حلقہ بندیوں کا معاملہ عدالتی احکامات کی روشنی میں فوری حل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ جبکہ میونسپل کارپوریشن مری کیلئے مالی وسائل کی فراہمی کیلئے این ایچ اے،ٹورازم ڈیپارٹمنٹ اور پنجاب حکومت سے خصوصی فنڈزکےحصول کابھی فیصلہ کیا گیا تاکہ کارپوریشن کے وسائل پر سیاحوں کے باعث پڑنےوالے بوجھ سے نمٹا جاسکے۔ذرائع کےمطابق مری میونسپل کارپوریشن کےپاس اتنےوسائل نہیں کہ وہ سارا سال مری آنےوالے سیاحوں کو سولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ علاقےکی ترقی کیلئے اقدامات کرسکے۔مالی وسائل کی فراہمی اور میونسپل کارپوریشن مری کو حقیقی طور فعال کرنے کیلئے کمشنر راولپنڈی ڈویژن ندیم اسلم چوہدری کی زیر صدارت اجلاس ہوا ۔جس میں ڈپٹی کمشنرراولپنڈی طلعت محمود گوندل،اے سی مری،صوبائی وزیر کے نمائندے عتیق سرور سمیت دیگر محکموں کے سربراہان و نمائندوں نے شرکت کی۔ذرائع کےمطابق میونسپل کارپوریشن مری کےمالی وسائل بڑھانےکیلئے فیصلہ کیا گیا کہ این ایچ اے ٹول پلازہ سے حاصل ہونے والی آمدنی جبکہ ٹورازم ڈیپارٹمنٹ پتریاٹہ اور دیگر ذرائع سے ہونےوالی آمدنی میں سے حصہ فراہم کریں گے۔جبکہ پنجاب حکومت سے پی ایف سی شیئر کے تعین کےوقت مری کیلئے سیاحوں کی تعداد کو بھی مدنظر رکھ کر فنڈز فراہمی کی سفارش کی جائے گی۔ادھر مری اور کوٹلی ستیاں میں بلدیاتی ادارےکی تکمیل کیلئے جو یونین کونسلیں حلقہ بندیوں اور انتخابات سے رہ گئی تھیں ان کا معاملہ عدالتی احکامات کی روشنی میں جلد حل کرنےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔