کراچی(نیوز ایجنسیاں) آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق صدر پرویز مشرف نے شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کے لئے نواز شریف سے بہتر قرار دیتے ہوئے پیشگوئی کی ہے کہ اگر یہی حالات رہے تو آئندہ بھی وفاق میں مسلم لیگ(ن) اور سندھ میں پیپلز پارٹی حکومت بنائے گی۔نجی ٹی وی کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں سابق صدر پرویز مشرف کا کہنا تھا کہ شہباز شریف، نواز شریف سے بہتر وزیراعظم ثابت ہوں گے، ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کو تو ان کی پارٹی کے سیات دان بھی تسلیم نہیں کریں گے۔انٹرویو کے دوران پرویز مشرف نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے تنظیمی بحران کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا فاروق ستار سمیت ایم کیو ایم کے کسی دھڑے میں قائدانہ صلاحیتیں نہیں، میرا ویژن وسیع ہے، ایم کیو ایم اس میں فٹ نہیں ہوتی، ایم کیو ایم کو مہاجروں کا ترجمان سمجھنا سطحی سوچ ہے، ایم کیو ایم کے رہنما تو مزے کرتے ہیں مگر عوام مصیبتوں میں مبتلا ہے اور مہاجر عوام اور دیگر قومیتوں کو آپس میں لڑوایا جاتا ہے۔ پرویز مشرف نے کہا کہ کراچی میں نئے انتخابات میں دھڑے بندی کے باعث اتحادی سیاست ہوگی۔