اسلام آباد(مانیٹرنگ سیل)عبدالرشید غازی قتل کیس میں پولیس نے پرویز مشرف کو بے گناہ قرار دے دیا۔اسلام آباد کی سیشن عدالت میں عبدالرشید غازی قتل کیس سے متعلق سماعت ہوئی۔ ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد راجہ آصف محمود نے پرویز مشرف کی اخراج مقدمہ کی درخواست کی سماعت کی۔ایس ایس پی اسلام آباد، ایس ایچ او تھانہ آبپارہ نے اس کیس میں اپنا جواب جمع کرادیا۔ پولیس نے پرویز مشرف کو چالان کے کالم نمبر دو میں رکھ کر بے گناہ قرار دے دیا۔پولیس نے اپنے جواب میں کہا کہ لال مسجد آپریشن آئین و قانون کے مطابق ہوا، عدالت چاہے تو مقدمہ خارج کرنے کا حکم دے سکتی ہے۔ وکلا کی ہڑتال کے باعث عدالت نے سماعت بغیر کسی کارروائی کے 12 مارچ تک ملتوی کردی۔واضح رہے کہ عبدالرشید غازی قتل کیس میں پرویز مشرف نے اخراج مقدمہ کے لیے عدالت سے رجوع کررکھا ہے۔