اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) سپریم کورٹ کی ہدایت پرشیخ رشید احمد نے وزیر اعظم کے خلاف ایل این جی کیس میں چیئرمین نیب کو درخواست دے دی۔عوامی مسلم لیگ کے صدر شیخ رشید احمد نے سپریم کورٹ میں درخواست دی تھی اور اس پر عدالت عظمیٰ نے شیخ رشید احمد کو ہدایت کی تھی کہ اگر وہ چاہیں تو متعلقہ فورم سے رجوع کرسکتے ہیں۔ شیخ رشید احمد نے بدھ کو اپنی درخواست چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کو نیب ہیڈکوارٹرمیں پیش کی جس پرچیئرمین نیب نے یقین دلایا کہ وہ اس درخواست کو قانون کے مطابق دیکھیں گے۔ نیب اعلامیے کے مطابق شیخ رشید احمد نے چیئرمین نیب کوبتایاکہ کیپٹن صفدر نے مبینہ طور پر 9 ارب روپے ترقیاتی فنڈز کے نام پر پی سی ون کے بغیر کیبنٹ ڈویژن سے لئے،محکمہ خزانہ اس کی تحقیقات کرنے سے انکاری ہے۔ قائد حزب اختلاف نے بھی چارخطوط کیبنٹ ڈویژن کو لکھے ہیں،انہو ں نے نیب سے درخواست کی کہ دیکھاجائے کہ مبینہ طورپر 9 ارب روپے کیسے اور کہاں پرخرچ ہوئے اور کس اتھارٹی نے یہ خطیر رقم نکلوانے کی اجازت دی۔ چیئرمین نیب نے یقین دلایا کہ اس شکایت کا قانون اور مروجہ قواعد و ضوابط کے مطابق جائزہ لیا جائے گا۔