کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان حنیف خان کا کہنا ہے کہ عمان میں کھیلنے جانے والے تین ملکی ہاکی سیریز میں پاکستان کا دوسرا نمبر پر آنا خوش آئند تو نہیں تاہم اس سے ثابت ہوتا ہے کہ فیڈریشن اور اولمپئنایک پیج پر آجائیں تو قومی کھیل جلد کامیابی کے سفر پر گامزن ہوسکتی ہے۔ جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا ہے کہ ملک کے موجودہ اندرونی اور بیرونی حالات میں ورلڈ الیون کا پاکستان آنا قومی کھیل کی واپسی کے لیے بارش کا پہلا قطرہ ثابت ہوا ہے ۔ ورلڈالیون کی آمد سے ایک جانب فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر ریٹائر خالد سجاد کھوکھر اور سیکریٹری شہباز احمد سینئر کی ہاکی کی ترقی کے لیے سنجیدگی واضح ہے تو دوسری جانب اس موقع پر سابق اولمپیئنز کا فیڈریشن کےساتھ تعاون بھی مثالی تھا۔ عمان جانے والی ٹیم زیادہ تر نئے کھلاڑیوں پرمشتمل ہے قوم ٹیم پر تنقید کرنے کے بجائے ان کا حوصلہ بڑھائیں یقین ہے کہ یہ ہی ٹیم اچھے نتائج بھی دے گی۔ سابق اولمپئنکا کہنا ہے کہ بدترین شکست او رفیڈریشن کی کسی غلطی پر تنقید کرنے کا حق رکھنے والے بڑے دل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اچھے کام پر فیڈریشن کی تعریف بھی کردیا کریں۔ انہوں نےہاکی فیڈریشن کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ ڈومیسٹک سسٹم درست کئے بغیر حوصلہ افزا نتائج کاحصول ممکن نہیں ہے ۔