• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب لاہور آفس کی سیکیورٹی کیلئے اضافی رینجرز تعینات

Additional Rangers Troops Deployed Out Side Nab Office Lahore

لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سابق ڈائریکٹر جنرل احد چیمہ کی گرفتاری کے بعد پنجاب حکومت اور قومی احتساب بیورو میں تناؤ کے تناظر میں نیب لاہور آفس کی سیکیورٹی کے لیے اضافی رینجرز تعینات کر دی گئی۔

نیب ذرائع کے مطابق رینجرز کی اضافی کمپنی چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی درخواست پر تعینات کی گئی ہے۔

نیب آفس کے باہر گزشتہ شام ہی کو رینجرز اہلکار تعینات کر دیے گئے تھے، تاہم کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے اور نیب آفس کی حفاظت کے لیے رینجرز کی اضافی نفری طلب کر لی گئی ہے۔

واضح رہے کہ نیب نے 21 فروری کو کارروائی کرتے ہوئے لاہور ڈویلمپنٹ اتھارٹی کے سابق ڈائریکٹر جنرل احد چیمہ کو آشیانہ اقبال ہاؤسنگ سوسائٹی کی 32 کنال اراضی غیر قانونی طور پر الاٹ کرنے اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات پر گرفتار کیا تھا۔

نیب حکام کی جانب سے اگلے ہی روز احد چیمہ کو عدالت میں پیش کیا گیا جس پر عدالت نے انہیں 11 روزہ جسمانی ریمانڈ پر حوالے کردیا۔

دوسری جانب پنجاب حکومت کے ترجمان ملک احمد خان کا کہنا ہے کہ احد چیمہ ایک بہترین افسر ہیں اگر نیب کی جانب سے چیف سیکرٹری کو لکھ کر بھیج دیا جاتا تو وہ خود پیش ہوجاتے۔

تازہ ترین