وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ دہشت گردی کیخلاف اقدامات قومی مفادکیلئے ہیں امریکا کو خوش کرنے کیلئے نہیں،سیاسی استحکام پر سرجیکل اسٹرائیک کی جارہی ہے،سیاست میں ٹارگٹ کلنگ کا تاثر ابھر رہا ہے۔
احسن اقبال نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئےکہا کہ پاکستان وہ ملک ہے جس نے دہشت گردی کیخلاف سب سے زیادہ کامیابیاں حاصل کیں۔
انہوں نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کا باقاعدہ فیصلہ جون میں آئے گا،ہمیں دباؤ میں لانے کے لئے ہمارے خلاف قرارداد پیش کی گئی۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان بداعتمادی کا نقصان دونوں ملکوں کو ہو گا ، ملک کے اکثر سیاستدان قومی ایشوز پر یکساں مؤقف رکھتے ہیں ۔ملک میں سیاسی استحکام پر سرجیکل اسٹرائیکس کی جا رہی ہیں،سیاسی میں ٹارگٹ کلنگ کا عمل شروع ہو گیا، پاکستان کے شہریوں نے سیاست میں پی ایچ ڈی کر لی ہے۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ ملک کا سب سے بڑا ادارہ ہے،پارلیمنٹ فیصلہ کرتا ہے عدلیہ کی ہیئت کیسی ہو گی۔مسلم لیگ ن کے خلاف جتنے اقدامات اٹھائے جا ر ہے ہیں ان سے سیاسی مقبولیت میں کمی نہیں آ رہی۔