پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) تھری میں 114رنز کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو 5وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کرلی ۔
11ویں اوور میںجب عمران طاہر نے 63 کے اسکور پر لگاتار دو وکٹیں لیں تو ملتان سلطانز میچ میں واپس آگئی تھی ، لیکن چھٹی وکٹ پر حسین طلعت اور فہیم اشرف نے 54رنز کی فتح گر شراکت قائم کی اور اسکور 18ویں اوور میں ہی حاصل کرلیا۔
حسین طلعت نے 3چھکوں اور 4چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 48رنز بنائے ،انہیں مین آف دی میچ ایوارڈ سے نوازا گیا ۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم پرکھیلے گئے میچ میں آل رائونڈر فہیم اشرف نے حسین طلعت کا بھرپور ساتھ دیا اور اسکور میں ناٹ رہتے ہوئے 12رنز کا اضافہ کیا۔
ملتان سلطانز کے 114رنز کے ہدف کے تعاقب میں لیوک رونچی اور صاحبزادہ فرحان نے اننگز کا آغاز کیا ، لیکن پہلے ہی اوور میں رونچی کو محمد عرفان نے پولارڈ کی مدد سے قابو کرلیا ۔
اس کے بعد والٹن اور فرحان نے 37رنز کی شراکت قائم کی ،9رنز بنانے والے فرحان کو عمران طاہر نے کلین بولڈ کردیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے 5چوکوں کی مدد سے 27رنز بنانے والے والٹن آئوٹ ہونے والے تیسرے کھلاڑی تھے ۔
ملتان سلطانز کی طرف سے عمران طاہر ایک بار پھر 3وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد عرفان اور جنید خان نے اسلام آباد کے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
اس سے قبل گزشتہ دو میچز میں عمدہ پرفارمنس دینے والی ٹیم ملتان سلطانز 19 اعشاریہ 5 اوورز میں113رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔
ملتان سلطانز کی طرف سے شعیب ملک 35، کیرون پولارڈ 28 اور احمد شہزاد 11 کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی دہرا ہندسے میں داخل نہ ہوسکا۔
اسلام آباد کی طرف سے رومان رئیس کامیاب ترین بولر رہے ،جنہوں نے 14رنز کے عوض 3وکٹیں حاصل کیں ۔