دبئی (عبدالماجد بھٹی/ نمائندہ خصوصی) نوجوان حسین طلعت ڈٹ گئے، انہوں نے مشکل صورتحال میں ذمے دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے فیورٹ ملتان سلطانز کی پیشقدمی روکتے ہوئے پاکستان سپر لیگ میں پہلی شکست کا ذائقہ چکھا دیا۔ سابق چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان کو پانچ وکٹ کی اپ سیٹ شکست دی۔ اسلام آباد نے114رنز کا ہدف 17.4اوورز میں پورا کر لیا۔ حسین طلعت کا گیارہ کے انفرادی اسکور پر کمار سنگاکارا نے اسٹمپڈ چھوڑ دیا انہوں نے اس اس موقع سے فائدہ اٹھایا اور عمدہ اننگز کے بعد چوکا مار کر اپنی ٹیم کو فتح دلوادی۔ اسلام آباد کو پہلا میچ ہارنے کے بعد پہلی کامیابی ملی۔ دو میچ جیتنے کے بعد ملتان کو ٹورنامنٹ میں پہلی شکست ہوئی۔ اتوار کو دبئی اسٹیڈیم میں عمران طاہر نے تین وکٹیں لے کر میچ کو دلچسپ بنایا لیکن کوئی اور بولر دبائو نہ بڑھا سکا۔ حسین طلعت نے ناقابل شکست 48رنز34گیندوں پر بنائے۔ ان کی اننگز میں تین چھکے اورچار چوکے شامل تھے۔ فہیم اشرف12رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ اسلام آباد کو پہلا نقصان لیوک رونکی کی صورت میں ہوا جنہیں محمد عرفان نے پویلین کی راہ دکھائی۔ اس کے بعد صاحبزادہ فرحان نو رنز بناکر عمران طاہر کی شاندار گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ دوسری وکٹ37 رنز پر گری۔ والٹن23گیندوں پر 28رنز بناکر جنید خان کی گیند پر کیچ آوٹ ہوئے۔ آصف علی کو لیگ اسپنر عمران طاہر نے کاٹ بی ہائینڈ کرایا۔ انہوں نے اگلی ہی گیند پر آندرے رسل کو ایل بی ڈبلیو کرکے سنسنی پھیلا دی۔63 رنز پر اسلام آباد کی آدھی ٹیم آئوٹ ہوگئی۔ عمران طاہر نے دووکٹ لینے کے بعد میڈن اوور کرایا۔ لیکن ملتان کے بولر چھٹی وکٹ سے محروم رہے۔ بارش سے متاثرہ وکٹ پر ابتدائی دو میچ جیتنے والی ملتان کی بیٹنگ لائن اپ بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہی۔ شعیب ملک نے سہارا دینے کی کوشش کی لیکن اسلام آباد کے بولروں کے عزائم خطرناک تھے۔ ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کو فتح کے لیے 114 رنز کا ہدف دیا ۔ ملتان سلطان کے تمام کھلاڑی 19.5 اوورز 113 رنز پر آؤٹ ہوگئے ۔ کپتان شعیب ملک نے سب سے زیادہ35 رنز 36گیندوں پر بنائے۔ جس میں دو چھکے شامل تھے۔ کیرون پولارڈ نے19گیندوں پر28رنز بنائے۔ اسلام آباد کے رومان رئیس نے19رنز دے کر تین وکٹ حاصل کئے۔ محمد سمیع نے19اور آندرے رسل نے 30رنز دے کر دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ دو میچوں کی فتح کے بعد تیسر ے میچ میں ملطان سلطان کی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار رہی اور محض 19 رنز پر اس کی 3 وکٹیں گر چکی تھیں۔ ابتدائی دھچکے کے بعد ملتان کی ٹیم سنبھل نہ سکی۔ پہلی وکٹ 8 رنز کے مجموعی اسکور پر اس وقت گری جب تیسرے اوور کی پہلی گیند پر رومان رئیس نے کمارا سنگا کارا کو سلپ میں کیچ آؤٹ کروا دیا، وہ صرف 6 رن بنا سکے، اگلے اوور میں محمد سمیع نے براوو کو پویلین کا راستہ دکھا دیا، لیفٹ ہینڈ بیٹسمین شارٹ بال پر بڑا اسٹروک کھیلنے کی کوشش میں شارٹ فائن لیگ پر اسٹیون فن کو کیچ دے بیٹھے، چھٹے اوور میں محمد سمیع نے صہیب مقصود کو بھی چلتا کیا، وہ بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں رومان رئیس کو کیچ دے بیٹھے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے اپنے اسکواڈ میں دو تبدیلیاں کیں، سمیت پٹیل اور افتخار احمد کی جگہ صاحبزادہ فرحان اور اسٹیون فن کو ٹیم میں جگہ دی گئی ۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مصباح الحق پوری طرح فٹ نہیں ہوئے اور ان کی جگہ رومان رئیس نے قیادت کے فرائض سرانجام دیے۔ اسلام آباد کی ٹیم لیوک رونکی، کیڈوک والٹن، آصف علی، حسین طلعت، صاحبزادہ فرحان، شاداب خان، آندرے رسل، فہیم اشرف، محمد سمیع، رومان رئیس اور اسٹیون فن شامل تھے۔ ملتان سلطانز نے اپنے وننگ کمبی نیشن میں کوئی تبدیلی نہیں کی، سلطانز پلیئنگ الیون میں کمارا سنگا کارا، احمد شہزاد، صہیب مقصود، شعیب ملک، کیرن پولارڈ، ڈیرن براوو، سہیل تنویر، سیف بدری، عمران طاہر، جنید خان اور محمد عرفان شامل تھے۔