لندن(آئی این پی) برطانوی میڈیا نے گوادر کو پاکستان اور چین دونوں ممالک کے لیے اہم شہر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ گوادر مستقبل میں دوسرا دبئی بن سکتا ہے، اس سے ایشیا میں طاقت کا توازن تبدیل ہوگا، سی پیک پاکستان کیلئے،مثبت پیش رفت ہے، اس سے پاکستان کی قومی معیشت میں مجموعی طور پر بہتری آئے گی۔ پیر کو برطانوی اخبار نے اپنی ایک رپورٹ میں پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کا جائزہ لیتے ہوئے لکھا ہے کہ چین کی جانب سے گوادر شہر میں سرمایہ کاری سے دونوں ممالک کو بہت فائدہ پہنچے گا۔ اخبار کے مطابق پاکستان کو بجلی اور توانائی کے شدید بحران کا سامنا ہے اور بجلی کی طلب اور رسد کے درمیان فرق کو کم کرنے اور ترسیلی اور مواصلاتی نظام کو بہتر بنانے کے لیے اسے 30 سے 35 ارب ڈالر درکار تھے تاہم پاکستان اپنے ذرائع سے اتنی بڑی رقم فراہم نہیں کرسکتا تھا۔ ایسے میں چین کی جانب سے گوادر بندرگاہ تک رسائی کے لیے شروع کیا جانے والا اقتصادی راہداری کا منصوبہ پاکستان کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے۔