پشاور (نمائندہ جنگ) جمعیت علمائے اسلام (س) کے سربراہ اور سینیٹ انتخابات کیلئے آزاد امیدوار مولانا سمیع الحق نے خیبر پختونخوا اسمبلی کے ارکان سے ایوان بالا کے انتخابات میں دین، قوم اور ملک و ملت کی خدمت کیلئے انہیں ووٹ دینے کی درخواست کی ہے، مولانا سمیع الحق ، ان کے صاحبزادوں اور دارالعلوم حقانیہ کے اساتذو کی جانب سے خیبر پختونخوا اسمبلی کے تمام ارکان کو ارسال کردہ خط میں کہا گیا ہے کہ مولانا سمیع الحق کا سینٹ کے انتخابات میں حصہ لینے کا کوئی ارادہ تھا نہ کسی خواہش کا اظہار کیا اور نہ ہی کہیں مذاکرات اور معاہدوں میں اس کا ذکر کیا بلکہ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے اپنی مجالس میں ازخود انہیں سینٹ انتخابات میں کھڑا کرنے کا اعلان کیا جب یہ بات میڈیا میں آئی تو جماعتی احباب اور ملک کے اہل درد مسلمانوں نے اس پر خوشی ظاہر کی، خط میں کہا گیا ہے کہ مولانا کا سینٹ میں جانا سابقہ تجربات کی بنا پر ملک و ملت اور شریعت و اسلام کیلئے بہرحال مفید ہے ،انہیں یقین ہے کہ ووٹ کیلئے عددی اکثریت بظاہر اب بھی نہیں لیکن پھر بھی انہیں بھروسہ ہے کہ اس سے قبل اللہ تعالی نے چار مرتبہ غیبی صورت حال پیدا کرکے انہیں سینٹ میں بھیجا اب بھی مدد فرمائیں گے۔