اسلام آباد (نمائندہ جنگ) مسلم لیگ ن کے گوجرانوالہ سے رکن قومی اسمبلی میاں طارق محمود نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔ گزشتہ روز گوجرانوالہ سے مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی میاں طارق محمود نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے بنی گالہ میں ملاقات کی اور ساتھیوں سمیت پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔ اس موقع پر پی ٹی آئی سربراہ عمران خان نے کہا کہ پنجاب کے عوام تبدیلی کا فیصلہ کرچکے ہیں، چند روز میں پنجاب کا دورہ کروں گا اور عوام کیساتھ کھڑا ہو کر اداروں کی تضحیک کرنے والوں کو جواب دوں گا۔ میاں طارق محمود کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی قیادت اور منشور پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہیں، عوام کرپٹ ٹولے اور جماعت سے بیزاری کا اظہار کررہے ہیں، مستقبل عمران خان اور تحریک انصاف کا ہے، شریفوں کو احتساب کے کٹہرے میں کھڑا کرکے عمران خان نے آئندہ نسلوں کی خدمت کی ہے، آئندہ انتخابات میں گوجرانوالہ سے کرپٹ خاندان کی پناہ گاہیں ختم کرینگے۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین، اسد عمر، عبدالعلیم خان اور شہریار آفریدی سمیت تحریک انصاف کے دیگر قائدین بھی موجود تھے۔دریں اثناءنون لیگ ہی کے سابق رکن صوبائی اسمبلی میاں مظہر نے بھی تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔ تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر نیو الے نون لیگ کے رہنماؤں نے16مارچ کو گوجرانو الہ میں عمران خان کو فقیدالمثال استقبالیہ دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔