راولاکوٹ،مظفرآباد(نمائندہ جنگ ،این این آئی) سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگرکرنے کے لئے نائب وزیرخارجہ تعینا ت کیا جائے،مقبوضہ کشمیر کے اندر آزادی کے لیے برسرپیکار کشمیری خود کو تنہا نہ سمجھیں پاکستان کے 20کروڑ عوام ان کے پشت پر ہیں ،نریندر مودی کے ہاتھ مسلمانوں کے خون سے رنگین ہیں وہ مستند دہشت گرد ہے ،کشمیریوں کی آزادی کی منزل قریب ہے ،متاثرین لائن آف کنٹرول کو تنہا نہیں چھوڑیں گے پوری قوم ان کے ساتھ ہے ،سیز فائر لائن کے متاثرین کی استقامت جرات اور بہادری کو سلام کرنے آیا ہوں ،شہداء کے لواحقین کے لیے سہولیات فراہم کرنا حکومت کے لیے کوئی مسئلہ نہیں ہے ،یہاں بہنے والا خون ہمارا خون ہے یہاں کے لوگوں اور افواج پاکستان کی وجہ سے پاکستانی قوم سکون کی نیند سوتی ہے،ان خیالات کااظہار انہوں نے سینیٹر ز کے ہمراہ سیز فائر لائن کے دورے کے دوران تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جماعت اسلامی راولاکوٹ کے طرف سے ان کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب سے امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر ڈاکٹر خالد محمود، ضلعی امیر سردار سجاد انور سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا۔ اس تقریب میں جماعت اسلامی کے مرکزی ، ضلعی ، تحصیل ، یونین کونسلوں اوروارڈز کے عہدیداران و کارکنان نے شرکت کی۔تقریب سے امیر جماعت اسلامی آزادکشمیر ڈاکٹر خالد محمود نے بھی خطاب کیا۔سینیٹر سراج الحق مزید نے کہا کہ نریندر مودی کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ وہ کشمیریوں کا قتل عام بند کر کے اپنی قیادت کے عہد کے مطابق کشمیریوں کو حق فراہم کرے ،اگر مودی سرکار نے جارحیت کی تو پاکستانی قوم اس کا بھرپور جواب دے گی اور ایسا جواب دے گی کہ مودی کو ہندوستان کا موجودہ نقشہ نہیں ملے گا ۔