کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں مارشل لاء کا کوئی امکان نہیں ہے۔ ملک کے حالات اس وقت بہتر ہوں گے جب مرکز اور صوبوں میں ہم آہنگی ہوگی ۔وفاقی حکومت قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد کرانے میں ناکام ہوگئی ہے ۔ملک میں تعلیمی ادارے بند کرنا مایوسی کا پیغام ہے ۔اسلامی ممالک کے مسائل کا حل نکالنے کے لیے او آئی سی کو فعال کرنا ہوگا ۔افغانستان میں پائیدار امن کے لیے افغان حکومت ،طالبان اور حزب اسلامی کے درمیان بات چیت ہونی چاہیے ۔انتخابی اصلاحات نافذ کیے بغیر شفاف انتخابات نہیں ہوسکتے ۔آئندہ انتخابات سے قبل انتخابی اصلاحات نافذ کرانے کے لیے بھرپور جدوجہد کی جائے گی ۔مسئلہ کشمیر پر بات چیت کیے بغیر پاک بھارت مذاکرات کامیاب نہیں ہوسکتے ۔پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت فوری طور پر بلدیاتی حکومتوں کو اختیارات دے ۔کراچی میں قیام امن کے لیے ہر ایک سے بات چیت کے لیے تیار ہیں ۔آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے لیے جب وزیراعظم مشورہ طلب کریں گے تو ایسا مشورہ دوں گا جو وزیر اعظم ،آرمی چیف اور ملک کے مفاد میں ہوگا ۔