نہال ہاشمی کی سینیٹ کی خالی ہونے والی نشست پر مسلم لیگ ن کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار کی حیثیت سے اسد اشرف کے کامیاب ہونے پر سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ الحمداللہ ،مسلم لیگ ن کے ہر رکن نے پارٹی کو ووٹ دیا ہے۔
مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کسی کا بھی نام لیے بغیرکہا ہے کہ آپ کو جماعت کا نام اور نشان چھین کرکیا ملا ، سوائے ناکامی، بدنامی اور ادارے کی رسوائی کے؟
انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن اور جمہوریت کے شیروں کو مبارک ہو، پاکستان کی سب سے بڑی جماعت کو انتخابی عمل سے باہر رکھنے کی سازش ناکام ہو گئی کہ پلاننگ صرف اللہ تعالیٰ کی چلتی ہے!
مریم نواز نے سینیٹ کے ضمنی الیکشن میں کامیابی پر اپنی جماعت کو شاباش بھی دی اور کہا کہ آپ نے سازش کو ناکام بنا کر نئی تاریخ رقم کی اور پاکستان کی سیاست کو ایک نئی سمت دی ہے، ہمیں آپ پرفخر ہے۔
سابق وزیر اعظم کی صاحبزادی نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں پنجاب اسمبلی میں ن لیگ کے امیدواروں کی مکمل تعداد اور ان کے حمایت یافتہ امیدوار کو ملنے والے ووٹوں کی تفصیلات بھی شیئر کی ہیں۔
ڈاکٹر اسد اشرف ن لیگ کے امیدوار تھے تاہم اعلیٰ عدالت کے فیصلے کے بعد نواز شریف کی پارٹی صدارت سے نااہلی اور بطور پارٹی صدر ان کے اقدامات کو کالعدم قرار دینے کے بعد الیکشن کمیشن نے انہیں آزاد امیدوار قرار دیا تھا۔
شاباش مسلم لیگ ن، شاباش ! آپ نے سازش کو ناکام بنا کر نئی تاریخ رقم کی اور پاکستان کی سیاست کو ایک نئی سمت دی۔ ہمیں فخر ہے آپ پر
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) March 1, 2018