• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک بھر میں ایک جیسے اسکول ، بستہ اور کتابیں دیکھنا چاہتا ہوں،چیف جسٹس

اسلام آباد( رپورٹ :رانا مسعود حسین )عدالت عظمیٰ نے تعلیمی نظام کی زبوں حالی اور لاکھوں بچوں کی تعلیم سے محرومی کے خلاف از خود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران ماہر تعلیم پروفیسر فیصل باری کو عدالتی معاون مقرر کرتے ہوئے کیس کی آئندہ سماعت سپریم کورٹ کی برانچ رجسٹری لاہور میں مقرر کردی ہے ،اس حوالے سے چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن کو بھی نوٹس جاری کردیا گیا ہے ،چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل تین رکنی بنچ نے جمعرات کے روز کیس کی سماعت کی توماہر تعلیم پروفیسر فیصل باری پیش ہوئے ،فاضل چیف جسٹس نے انہیں کہا کہ میں ملک بھر میں ایک جیسے سکول ،ایک جیسا بستہ اورایک جیسی کتابیں (سلیبس ) دیکھنا چاہتا ہوں آپ اس سلسلے میں ہماری کیا مدد کرسکتے ہیں ،جس پر، پروفیسر فیصل باری نے کہا کہ ان کے ساتھ ماہرین کا ایک پورا گروپ ہے اور وہ اس سلسلہ میں عدالت کی پوری پوری معاونت کریں گے،چیف جسٹس نے کہا کہ ہم نے اس ملک میںحق تعلیم سے متعلق آرٹیکل 25 کو موثر کرنا ہے ،تعلیم ہی قوموں کو ترقی یافتہ اور غیر ترقی یافتہ کی تخصیص کرتی ہے ،اگر ریاست اس حوالے سے اپنافرض ادا نہیں کرہی تو ہم بنیادی حقوق کے محافظ کے طور پر اس حوالے سے کام کرسکتے ہیں،اگر ہم اپنی نئی نسل کو تعلیم کی سہولت فراہم نہیں کررہے تو ہم انصاف نہیں کررہے ہیں، انہوںنے کہا کہ میرے والد اپنے خاندان کے پہلے گر یجو یٹ تھے ،میرے قریبی رشتہ دار آج بھی منیاری کی دکا نیں چلا رہے ہیں ، مجھے فخر ہے کہ تعلیم کی بنیا د پر ہمارے خاندان نے یہ مقام حاصل کیا ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کے ایک سابق چیف جسٹس، جن کا خاندان ہجرت کرکے آیا تھا، نے مجھے بتایا تھا کہ ان کا خاندان تعلیم حاصل کرکے ترقی کرتے کرتے اس مقام پر پہنچ گیا ہے جبکہ چند سال بعد اسی خاندان کا ایک فرد ʼʼحمیداʼʼ بھی ہجرت کرکے پاکستان آگیا تھا لیکن وہ یہاں پرریڑی لگاتا تھا ، چیف جسٹس نے کہا کہ ہمارے بچوںمیں تعلیم حاصل کرنے کا بہت شوق ہے جبکہ ہمارے ہاں بہت سے مخیر لوگ قوم کے لئے کچھ کرنا چاہتے ہیں ،ہم بھی چا ہتے ہیں کہ اس ملک میں ایک جیسے سکول ،ایک جیسا بستہ اورایک جیسی کتابیں (سلیبس ) ہوں ،بعد ازاں عدالت نے سماعت 8مارچ تک ملتوی کردی ۔
تازہ ترین