• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بارش سے راولپنڈی اور چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈز کی کارکردگی کھل کر سامنے آ گئی

راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے) راولپنڈی اور چکلالہ کنٹونمنٹس بورڈز میں منتخب عوامی نمائندوں کے آنے کے باوجود نہ ہی صفائی اور نہ ہی ٹرنچنگ گرائونڈ کیلئے زمین خریداری کا حصول ممکن ہو سکا ہے، یہی وجہ ہے کہ آج کے جدید دور میں بعض سول آبادیوں میں نالیاں گندگی سے اٹی رہتی ہیں۔ گزشتہ روز کی بارش سے بھی ان اداروں کے شعبہ صفائی کی کارکردگی کھل کر سامنے آ گئی اور نالیوں میں گندگی کی وجہ سے پانی گلیوں میں بہتا رہا۔ رحیم آباد کی مین گلی کے دونوں اطراف کی نالیاں گندگی سے اٹی ہونے کی وجہ سے بارش کے دوران تالاب بنی رہی۔ جہلم روڈ پر گیس پائپ لائن ڈالنے کی وجہ سے کھدائی کے باعث مٹی پڑی ہونے کی وجہ سے پانی نالوں میں جا ہی نہیں سکا جس کے نتیجہ میں جہلم روڈ نے تالاب کی شکل اختیار کئے رکھی۔ بعض جگہوں سے پائپ نالے سے گزارنے کی وجہ سے آئندہ پانی کی نکاسی میں مشکلات آئینگی۔ کینٹ آبادیوں کے خالی پلاٹوں میں کوڑے کے ڈھیر لگے رہتے ہیں، کینٹ کی سول آبادیوں کے باہر ڈمپنگ پوائنٹس پر بھی کوڑے ڈھیر پڑے ہیں۔ جھنڈا چیچی، ٹیپو روڈ، پیپلز کالونی، ٹنچ بھاٹہ، ٹاہلی موہری، ڈھیری حسن آباد، کیانی روڈ اور ملحقہ آبادیوں میں صفائی کی صورتحال بہتر نہیں ہو سکی جس کے باعث چوہوں کی بھی بہتات ہو چکی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ منتخب نمائندوں کے کینٹ بورڈ میں آنے سے صورتحال میں بہتری کی اُمید تھی مگر ایسا نہیں ہوسکا۔
تازہ ترین