• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ،حیدرآباد میں دہشتگردی منصوبہ ناکام،11دہشتگرد گرفتار

کوئٹہ،راولپنڈی (این این آئی،مانیٹرنگ ڈیسک) قانون نافذکرنیوالے اداروں نےکوئٹہ اورحیدرآبادمیں کارروائی کرتے ہوئے11 دہشتگردوں کو گرفتار کر کے بارودی مواد خودکش جیکٹس اوراسلحہ برآمد کر لیا، پشین سے6دہشتگردگرفتار، 500کلو بارود، خودکش جیکٹس ، اسلحہ برآمد،ہزارہ ٹائون میں بم ناکارہ بنا دیا گیا، حیدرآباد میں ہٹری بائی کے پاس کارروائی میں5 افراد گرفتار کر کے بارود ، اسلحہ، بم بنانے کا سامان برآمدکرلیاگیا، آئی ایس پی آر کے مطابق پشین کےعلاقہ کربلا میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر چھاپہ مار اگیا،کارروائی میں 6دہشتگردوں کوگرفتارکرکے ان کے قبضے سے 500کلو بارودی مواد، خودکش جیکٹس ،آئی ای ڈیز، مختلف اقسام کا اسلحہ، مائنز اور مواصلاتی آلات برآمد کر لئے گئے، ادھر بم ڈسپوزل کے عملے نے دہشتگردی کاایک اور منصوبہ ناکام بناتے ہوئے دستی بم ناکارہ بنادیا، علاقہ ہزارہ ٹائون میں نامعلوم افرادنے تخریب کاری کی غرض سے برساتی نالے میں دستی بم نصب کر رکھا تھا پولیس نے بروقت اطلاع ملنے پر بم ڈسپوزل عملے کے ہمراہ موقع پر پہنچ بم ناکارہ بنادیا ،دریں اثناءحیدرآباد میں قانون نافذ کرنیوالے ادارے نے کارروائی کرتے ہوئے 5 دہشتگردوں کو گرفتار کرکے اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کرلیا ہے،ادارے نے خفیہ اطلاع پر ہٹری بائی کے پاس کارروائی کرتے ہوئے 10 کلوبارودی مواد، کلاشنکوف، 4 پستول، بم بنانے کا سامان برآمد کرکے پانچ افراد کو حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ، گرفتار افراد کا تعلق کالعدم تنظیم سے بتایا گیا ہے،ذرائع کے مطابق گرفتار افراد نے نمازجمعہ کے اجتماع میں تخریب کاری کا منصوبہ بنا رکھا تھا، دہشتگردوں نے بارودی مواد تین بالٹیوں میں چھپا رکھا تھا، بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ناکارہ بنادیا ہے۔ حیدرآباد سے بیورو رپورٹ کے مطابق حیدرآباد پولیس اورقانون نافذ کرنے والے اداروں کی ہٹڑی میں کاروائی‘ گھرسے 12کلو بارودی مواد‘3بم اوراسلحہ سمیت کالعدم قوم پرست تنظیم کے 5مبینہ دہشت گرد گرفتارکرکے بم ڈسپوزل اسکواڈ نے تینوں بموں کو ناکارہ بنادیا‘ گرفتار دہشت گرد حیدرآباد اوراندرون سندھ بڑی کاروائی کرناچاہتے تھے‘ ڈی آئی جی حیدرآباد جاوید عالم اوڈھو کی ایس ایس پی حیدرآباد پیر محمدشاہ کے ہمراہ ہنگامی پریس کانفرنس ۔ڈی آئی جی حیدرآباد جاوید عالم اوڈھ نے کہا کہ اسپیشل ٹیم نے گذشتہ علی آباد کالونی کی ناکہ بندی کرکے تلاشی کی کاروائی شروع کی تو اسی دوران ملزمان نے فرارکی کوشش کرتے ہوئے فائرنگ شروع کردی پولیس نے علاقے کے محاصرے کو سخت کرتے ہوئے جوابی فائرنگ کرکے ملزمان کاگھیراؤ کرلیا‘ ملزمان کو میگا فون کے ذریعے گرفتاری دینے کاحکم دیا گیا ‘ پولیس نے گھیرا تنگ کرتے ہوئے 5ملزمان مظفر ناگراج ولد مختیا ر ناگراج سکنہ محراب پور ‘ شکیل گھانگرا ولد بشیراحمد سکنہ کنڈیارو نوشہروفیروز‘ غلام مرتضیٰ ولد غلام ابڑو سکنہ گوٹھ محمدبخش شورو حیدرآباد‘ رفاقت اللہ ولد محمدسلیمان جواد سکنہ ٹنڈوباگو بدین اورمحمدعارب ولد خمیسو سومرو سکنہ بدین کو گرفتارکرکے قبضے سے ایک کلاشنکوف ‘ 3ٹی ٹی پستول ‘ گھر کی تلاشی کے دوران 3مشکوک ڈبے بھی ملے‘ فوری طورپر ایس ایس پی حیدرآباد کواطلاع دی گئی جس پر ایس ایس پی حیدرآباد نے بم ڈسپوزل کو علی آباد پہنچنے کاحکم دیا۔ ڈی آئی جی حیدرآباد نے کہا کہ گرفتارملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران انکشاف کیا کہ ان کاتعلق ”سندھو دیش ریولوشنری آرمی“ (SRA)سے ہے جوانڈیا کی خفیہ ایجنسی را کی فنڈنگ سے پاکستان میں بم دھماکے اوربدامنی ودہشت گردی کی کاروائیاں کرتی ہے۔ گروہ کااصل سرغنہ اصغر شاہ ہے جس کاتعلق لاڑکانہ سے ہے اورمتعدد بم دھماکوں میں چالان شدہ ہے۔اصغر شاہ کی سرپرستی میں دہشت گردی کاروائیوں کانظام منیرابڑو سکنہ شکار پور چلاتاہے ۔منیر کے ساتھی سروان شاہ سکنہ قاسم آباد‘ سروئیج نوحانی سکنہ کوٹری‘ امجد شاہ سکنہ کنڈیارو‘ نواب جت سکنہ بدین کی مد د سے اندرون سندھ دہشت گردی اوربم دھماکوں کی کاروائیاں کرتے ہیں ۔ ڈی آئی جی حیدرآباد نے کہا کہ ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے 20جنوری 2018ءکو قاسم آباد میں بم دھماکے‘ روہڑی بائی پاس پر چینی باشندوں اوررینجرز پر حملے‘ دھماکے ‘ محراب پور ریلوے ٹریک کو نشانہ بنایا‘ ملزمان نے 5فروری 2018ءکو جماعتہ الدعوة کی ریلی پر بم بلاسٹ کی منصوبہ بندی کابھی اعتراف کیاہے۔ جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ ملزمان نے دوران تفتیش اعتراف کیاہے کہ انہوں نے بھارت سے ٹریننگ لی ہے اور بدین کے راستے انڈیاجاتے تھے ‘جہاں انہیں بم بنانے‘ مختلف ہتھیار چلانے اور دہشت گردی کی تربیت دی جاتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے ٹیمیں روانہ کی جاچکی ہیں ‘انشا اللہ جلد تمام ملزمان کو گرفتار کرلیا جائے گا۔
تازہ ترین