پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) تھری کے 13 میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو9 وکٹوں سے شکست دیدی۔
شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم پر کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کپتان سرفراز احمد30،شین واٹسن 19اور محمود اللہ 15رنز کی بدولت 15اعشاریہ 4اوورز میں 102رنز تک محدود رہی۔
میچ کی خاص بات ملتان سلطانز کی تینوں شعبوں میں شاندار پرفارمنس رہی ، پہلے عمران طاہر ، سہیل تنویر نے 3،3 اور جنید وکٹوں کے ذریعے حریف ٹیم کو 102رنز پر روک دیا ۔
ملتان سلطانز کی طرف سےسنگاکارا اور احمد شہزاد نے اننگز شروع کی اور 66رنز کا عمدہ آغاز فراہم کرکے میچ پر اپنی ٹیم کی گرفت مضبوط کردی۔
احمد شہزاد آئوٹ ہونے والے پہلے بیٹسمین تھے ، 3چوکوں کی مدد سے 27رنز بنانے والے اوپننگ بیٹسمین کی وکٹ حسن خان نے حاصل کی ۔
اوپنر سنگاکارا نے ایونٹ کی تیسری نصف سنچری اسکور کی ، انہوں نے ناقابل شکست 51رنز بنائے ، ان کی اننگز میں ایک چھکا اور 5چوکے شامل تھے۔
انہوں نے دوسری وکٹ پر ایک چھکے اور 2چوکوں کی مدد سے 26رنز بنانے والے صہیب مقصود کے ہمراہ 42رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی ۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز کے درمیان ہونے والے میچ کا مین آف دی میچ کا ایوار ڈ سہیل تنویر کے نارم رہا ،انہوں نے 14 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کی ۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے حسن خان نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ایونٹ کا اگلہ میچ پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائے گا ۔
ایونٹ میں اب تک کراچی کنگز کی ٹیم ناقابل شکست رہی ہے ،7 پوائنٹ لینے والی ٹیم 4 میچز میں سے 3 میں کامیاب رہی جبکہ ملتان سلطانز کے ساتھ ہونے والے میچ بارش کے باعث منسوخ ہوگیا تھا ۔
دوسرے نمبر پر ملتان سلطانز کی ٹیم ہے ،جس نے 5 میچز میں سے 3 میں کامیابی حاصل کی جبکہ اسے ایک میں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور کراچی کنگز کا میچ بارش کی نذر ہوگیا ۔